kiran rijiju

بھارت کے حج کوٹے میں اضافہ ہوتا ہے تو یہ خوش آئند اقدام ہوگا

کشمیری نوجوانوں کیلئے ہنرمندی پروگراموں میں مرکز کا بھر پور تعاون ہوگا / کرن رججو

سرینگر / / این این بی // بھارت کے حج کوٹے میں اضافہ ہوتا ہے تو یہ ایک خوش آئند اقدام ہوگا کی بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور و اقلیتی امور کرن رججو نے کہا کہ حج کے دوران ہندوستان کی جانب سے صحت اور سیکورٹی سے متعلق امور کے لیے بھی بعض افراد کو بھیجا جاتا ہے اور مستقبل میں وقف بورڈ سے وابستہ افراد کو بھی ایسے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔نیشنل نیوز بیورو کے مطابق مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور و اقلیتی امور کرن رججو نے جموں و کشمیر وقف بورڈ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر وقف بورڈ نے ملک کے دیگر تمام وقف بورڈس کے مقابلے میں بہترین کام انجام دیا ہے اور ملک کے دیگر وقف بورڈز کو بھی اس سے تحریک حاصل کرنی چاہیے۔بارہمولہ کے بابا رشی علاقے میں حضرت بابا پیہم الدین رشی کے نام سے منسوب گیسٹ ہاو ¿س کی تعمیر کا افتتاح کرنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کرن رججو نے نے حضرت بابا پیہم الدین رشی کے آستان کو ایک انتہائی معروف اور روحانی اہمیت رکھنے والا مقدس مقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یہاں آکر بے حد خوشی اور مسرت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزار اور پورے کمپلیکس کی تعمیر و ترقی کے لیے جموں و کشمیر وقف بورڈ کی جانب سے انجام دیا گیا کام قابل تعریف ہے۔رججو نے کہا کہ جموں و کشمیر وقف بورڈ نے صرف بابا رشی مزار کی تعمیر و ترقی تک خود کو محدود نہیں رکھا بلکہ سرینگر کے تاریخی حضرت بل درگاہ کی تعمیر و ترقی کے علاوہ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں بھی نمایاں کام انجام دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ پہلے بھی اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ ملک کے کسی بھی دوسرے وقف بورڈ نے اس پیمانے پر اتنا شاندار کام نہیں کیا جتنا جموں و کشمیر وقف بورڈ نے انجام دیا ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ملک کے تمام ریاستی وقف بورڈز بہتر انداز میں کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود مرکزی وقف کونسل کے چیئرمین ہیں اور اس سلسلے میں تمام ریاستی وقف بورڈز کے ساتھ رابطہ اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اجلاس بھی طلب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا”جموں و کشمیر وقف بورڈ نے جو کام کیا ہے، وہ میری توقعات سے بھی کہیں زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ نے اپنی جائیدادوں اور اثاثوں سے آمدنی حاصل کرنے کے لیے ایک اچھا منصوبہ تیار کیا ہے اور اس آمدنی کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جو ایک مثبت قدم ہے۔حج کوٹے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مرکزی وزیر نے کہا کہ وہ حال ہی میں سعودی عرب سے واپس آئے ہیں اور اس دوران سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ سے بھی ملاقات اور بات چیت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان کے حج کوٹے میں اضافہ ہوتا ہے تو یہ ایک خوش آئند اقدام ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حج کے دوران ہندوستان کی جانب سے صحت اور سیکورٹی سے متعلق امور کے لیے بھی بعض افراد کو بھیجا جاتا ہے اور مستقبل میں وقف بورڈ سے وابستہ افراد کو بھی ایسے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔مجوزہ اسپتال کے حوالے سے کرن رججو نے کہا کہ جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشان اندرابی کا ایک بڑے اسپتال کے قیام کا خواب ہے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود ببی حلیمہ نرسنگ کالج کا دورہ کیا ہے اور اس کے منصوبے کا افتتاح بھی کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس انداز سے نرسنگ کالج کا منصوبہ آگے بڑھایا گیا ہے، اسی طرز پر بلکہ اس سے بھی بڑے پیمانے پر مزید کام کیا جاسکتا ہے۔مرکزی وزیر نے کشمیر کے نوجوانوں کے لیے ہنرمندی کی تربیت کے پروگراموں میں بھی تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اسکل ٹریننگ پر توجہ دینا ضروری ہے اور اس سلسلے میں مرکزی حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔اس دوران جب مرکزی وزیر سے ایک سیاسی سوال پوچھا گیا تو انہوں نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ بابا رشی ایک مقدس مقام ہے اور یہاں سیاسی معاملات پر گفتگو نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس رہنما راہل گاندھی کی جانب سے اٹھائے گئے معاملات کا جواب وہ دہلی واپس جانے کے بعد دیں گے، تاہم بابا رشی کے اس مقدس مقام پر وہ سیاست کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتے۔