اضافہ ملک میں دفاعی سازوسامان کی تیاری کی صلاحیت میں نمایاں وسعت کی عکاسی / راجناتھ سنگھ
سرینگر / این این بی // بھارت کا دفاعی شعبہ عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کے لیے خود انحصاری کی پالیسی سے آگے بڑھتے ہوئے دفاعی پیداوار اور برآمدات میں غیر معمولی پیش رفت کررہا ہے کی بات کرتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ملک کی دفاعی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ دفاعی مصنوعات کی برآمدات بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہیں۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق ٹوکیو میں بھارتی برادری کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارتی فوج، بحریہ اور فضائیہ کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کے ساتھ ملک میں دفاعی سازوسامان کی مقامی سطح پر تیاری نے بھارت کی دفاعی طاقت کو نئی سمت دی ہے۔وزیر دفاع نے بتایا کہ بھارت کی دفاعی پیداوار 1.80 لاکھ کروڑ روپے کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے، جبکہ تقریباً ایک دہائی قبل یہ پیداوار صرف 48ہزار کروڑ روپے کے آس پاس تھی۔ ان کے مطابق یہ اضافہ ملک میں دفاعی سازوسامان کی تیاری کی صلاحیت میں نمایاں وسعت کی عکاسی کرتا ہے۔راج ناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ بھارت کی دفاعی برآمدات بھی گزشتہ برسوں کے دوران غیر معمولی رفتار سے بڑھی ہیں۔ ان کے مطابق دفاعی برآمدات تقریباً 600کروڑ روپے سے بڑھ کر اب تک کی بلند ترین سطح 38ہزار کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دفاعی پیداوار اور برآمدات میں یہ اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت اپنی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی دفاعی منڈی میں بھی ایک اہم مقام حاصل کرنے کی جانب بڑھ رہا ہے۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت کا دفاعی شعبہ اپنی عالمی حیثیت کو مضبوط بنانے کے لیے خود انحصاری سے آگے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی سطح پر جدید دفاعی ٹیکنالوجی اور سازوسامان کی تیاری سے ملک کی دفاعی خود کفالت مزید مضبوط ہوگی۔راج ناتھ سنگھ نے جاپان کے ساتھ بڑھتے ہوئے سمندری تعاون کو بھی اہم قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بحری شعبے میں قریبی روابط آزاد اور کھلے ہند۔بحرالکاہل کے مشترکہ تصور کے لیے دونوں ملکوں کے گہرے اعتماد اور مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔وزیر دفاع نے جاپان کے شہر یوکوسوکا میں جاپان میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے اڈے کا دورہ کیا۔ راج ناتھ سنگھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ سمندری شعبے میں بھارت اور جاپان کے درمیان گہرا تعاون قانون کی حکمرانی پر مبنی ایک آزاد اور کھلے ہند۔بحرالکاہل کے حصول کے لیے دونوں ممالک کے درمیان موجود اعتماد اور مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔جاپانی وزیر دفاع شنجیرو کوئزومی نے بھی راج ناتھ سنگھ کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان براہ راست روابط سے باہمی سمجھ بوجھ مزید گہری ہوتی ہے اور دفاعی تعاون کو آگے بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بحرالکاہل اور بحرہند کے درمیان جاپان اور بھارت ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک ایک آزاد اور کھلے خطے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔










