ٹنگمرگ میں دوروز کے دوران تین تیندوے بچے مردہ بر آمد

والدین بچوں کو حساس علاقوں میں اکیلا نہ چھوڑیں / رینج آفیسر محکمہ وائلڈلائف

سرینگر / این این بی // شمالی ضلع بارہمولہ کے ٹنگمرگ علاقے میں گزشتہ دو روز کے دوران تین تیندوے کے بچے مردہ پائے جانے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق موت زہریلی چیز کھانے کے باعث ہونے کا شبہ ظاہر ہے، تاہم اصل وجہ کی تصدیق حتمی فرانسک اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی ہوسکے گی۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق ٹنگمرگ علاقے میں گزشتہ دو روز کے دوران تین تیندوے کے بچے مردہ پائے جانے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف کے رینج افسر ٹنگمرگ شاہد سلطان نے بتایا کہ 17 نومبر کو پولیس اسٹیشن کنزر کی جانب سے محکمہ کو اطلاع دی گئی کہ واری پورہ ٹنگمرگ علاقے میں دو تیندوے کے بچے مردہ پائے گئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے اطلاع ساڑھے چار بجے شام موصول ہونے کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کی ایک ٹیم فوری طور پر ٹنگمرگ کنٹرول روم سے جائے وقوعہ کی طرف روانہ کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی ٹیم نے دونوں مردہ تیندوے کے بچوں کو اپنی تحویل میں لے کر ٹنگمرگ کنٹرول روم منتقل کیا، جہاں سے بعد میں انہیں پوسٹ مارٹم اور طبی معائنے کے لیے بھیج دیا گیا۔شاہد سلطان کے مطابق اسی علاقے سے بعد میں پولیس اسٹیشن کنزر کی جانب سے ایک تیسرے تیندوے کے بچے کی موت کی اطلاع بھی موصول ہوئی۔ انہوں نے خود جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور تیسرے بچے کی نعش کو بھی برآمد کرکے محکمہ کے کنٹرول روم منتقل کیا، جہاں اگلی صبح اس کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔رینج افسر نے بتایا کہ مردہ پائے جانے والے تینوں تیندوے کے بچوں میں دو مادہ اور ایک نر بچہ شامل ہیں اور تینوں لاشیں ایک ہی علاقے سے برآمد ہوئی ہیں۔شاہد سلطان نے کہا کہ ویٹرنری ڈاکٹروں کی جانب سے کیے گئے ابتدائی معائنے میں زہریلے مواد کے اثرات کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے، تاہم اس مرحلے پر کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حتمی پوسٹ مارٹم اور لیبارٹری رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی یہ واضح ہوسکے گا کہ تینوں تیندوے کے بچوں کی موت کس وجہ سے ہوئی اور آیا انہیں دانستہ طور پر زہر دیا گیا یا انہوں نے کسی زہریلی چیز کو کھا لیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلی حیات کی ٹیموں نے علاقے اور اس کے آس پاس کے مقامات کی بھی مکمل چھان بین کی تاہم رینج افسر کے مطابق اب تک تلاشی کے دوران ایسی کوئی زہریلی خوراک یا مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی۔محکمہ جنگلی حیات نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام کے مطابق فرانسک اور حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹس موصول ہونے کے بعد ہی موت کے حالات کے بارے میں حتمی رائے قائم کی جائے گی۔شاہد سلطان نے کہا کہ تمام رپورٹس موصول ہونے کے بعد ان کے نتائج سے متعلق ضروری معلومات عوام کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔رینج افسر نے جنگلات اور باغات کے قریب رہنے والے لوگوں سے خاص طور پر صبح سویرے اور شام کے اوقات میں محتاط رہنے کی اپیل کی، کیونکہ ان اوقات میں تیندوے عموماً زیادہ سرگرم ہوتے ہیں۔انہوں نے والدین کو ہدایت دی کہ بچوں کو ایسے حساس علاقوں میں اکیلا نہ چھوڑیں اور رات کے وقت غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔شاہد سلطان نے کہا کہ محکمہ جنگلی حیات کی ٹیمیں صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور حساس علاقوں میں باقاعدگی سے گشت کیا جارہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ معاملے میں کسی بھی اہم پیش رفت سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔