وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے پولوویو میں تین روزہ ’ کشمیر میراتھن ایکسپو‘ کا اِفتتاح کیا

وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے پولوویو میں تین روزہ ’ کشمیر میراتھن ایکسپو‘ کا اِفتتاح کیا

سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پولو ویو سری نگر میں’ کشمیر میراتھن۔ 2026 ‘کی تین روزہ نمائش کا اِفتتاح کیا۔ یہ نمائش 25 ؍اکتوبر (اتوار) کو منعقد ہونے والے اس ایونٹ کے تیسرے ایڈیشن کی تیاریوں کے آخری مرحلے کی نشاندہی کرتی ہے۔وزیر اعلیٰ نے سرکاری محکموں، پرائیویٹ سپورٹس فرموں اور ایونٹ کے شراکت داروں کی جانب سے لگائے گئے مختلف سٹالوں اور کاؤنٹروں کا معائینہ کیا جن میں فٹنس، آؤٹ ڈور سرگرمیوں اور کھیلوں کے متحرک کلچر کو فروغ دینے کے لیے کھیلوں کا سامان، آلات اور لوازمات کی وسیع رینج نمائش کے لئے رکھی گئی ہے۔اِس نمائش میں میراتھن میں حصہ لیناے والوں کے لئے بِب کلیکشن سینٹرز اور موقعہ پرہی رجسٹریشن کاؤنٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ کشمیر میراتھن ملک بھر اور بیرونِ ملک سے دوڑنے والوں کو اپنی طرف راغب کرے گی جس سے خطے میں ایک بڑے سپورٹس ایونٹ کے طور پر اس کی حیثیت مزید مستحکم ہوگی۔اُنہوں نے کہا، ’’کشمیر میراتھن کا اِنعقاد تیسری بار کیا جارہا ہے ۔ اتوار کو لوگ نہ صرف ملک کے مختلف حصوں سے بلکہ بیرونِ ملک سے بھی اس میں حصہ لینے آئیںگے ۔ ہر دوڑ کی اپنی خوبصورتی ہوتی ہے لیکن کشمیر میراتھن کے گرد و پیش کا ماحول بے مثال ہے۔ اِس میںدی جانے والی انعامی رقم بھی کئی دیگر دوڑوں کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔‘‘وزیراعلیٰ نے مقامی صلاحیتوں کی حوصلہ اَفزائی کے لئے ایک نئے اقدام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مقامی رنروں کے مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے لئے ایک علیحدہ انعامی زمرہ متعارف کیا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا، ’’اس برس اَپنے مقامی رنروںکے مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہاف میراتھن اور فل میراتھن دونوں میں شرکت کی ترغیب کے طور پر ان کے لئے انعامات متعارف کئے گئے ہیں۔‘‘ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے مقامی کھلاڑیوں کی شرکت میں اضافہ ہوگا۔عمر عبداللہ نے کشمیر میراتھن کے پہلے دو ایڈیشنوں میں اپنی شرکت کو یاد کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اس سال بھی رنروں اور کھیلوں کے شائقین کی جانب سے جوش و خروش سے بھرپور شرکت دیکھنے کو ملے گی۔ جن لوگوں نے ابھی تک رجسٹریشن نہیں کی، انہیں نمائش میں دستیاب موقع سے فائدہ اٹھانے کی تلقین کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’جنہوں نے ابھی تک رجسٹریشن نہیں کی، ان کے پاس یہاں اب بھی موقع ہے۔ آئیں، رجسٹر کریں اور میراتھن میں حصہ لیں۔ جیتنا اتنا اہم نہیں جتنا شرکت کرنا ہے۔حصہ لیں اور میراتھن کا لطف اُٹھائیں۔‘‘ اُنہوںسٹال مالکان، کھلاڑیوں اور رضاکاروں سے بھی بات چیت کی اور جموں و کشمیر میں کھیلوں،فِٹنس اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ان کی کوششوں کو سراہا۔اِس موقعہ پراُنہوں نے اتوار کے ایونٹ میں حصہ لینے والے کئی رنروں کو ریس بِبز اور مرچنڈائز پیش کئے اور انہیں جوش و خروش اور کھیل کی روح کے ساتھ شرکت کی ترغیب دی۔تین روزہ نمائش شرکأ کو رجسٹریشن کی رسمی کارروائی مکمل کرنے، اَپنے’ ریس بِبز‘حاصل کرنے اور میراتھن سے پہلے کھیلوں کے سامان اور متعلقہ مصنوعات دیکھنے کا پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی،وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، سیکرٹری سیاحت اونی لواسا، ڈائریکٹر ٹوراِزم کشمیر سیّد قمر سجاد، ایونٹ منتظمین اور دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔