سوپور میں آتشزدگی سے سیبوں کا ذخیرہ خاکستر

سوپور میں آتشزدگی سے سیبوں کا ذخیرہ خاکستر

باغبان کو بھاری نقصان،متاثرین کیلئے ریلیف کا مطالبہ

سرینگر// یو این ایس / سوپور کے علاقے سیم پورہ میں جمعرات کی شام بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ سے سیب ذخیرہ کرنے کا ایک گودام جل کر خاکستر ہو گیا۔ حادثے میں تازہ توڑے گئے سیبوں اور پیکنگ کے ڈبوں کو بھاری نقصان پہنچا، جبکہ باغبان کے مکان کا ایک حصہ بھی متاثر ہوا۔حکام کے مطابق جمعرات کی دیر شام گودام میں آگ بھڑک اٹھی، جہاں باغ سے جمع کیے گئے سیب اور ان کی پیکنگ کے لیے استعمال ہونے والے ڈبے رکھے گئے تھے۔ مقامی لوگوں اور پولیس اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے اور اسے مزید پھیلنے سے روکنے کی کوشش کی، تاہم اس وقت تک گودام آگ کی لپیٹ میں آ چکا تھا۔یہ گودام پھلوں کے کاشت کار منظور احمد کی ملکیت تھا۔ حادثے کے بعد انہوں نے اپنے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سال بھر کی محنت آگ کی نذر ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ واقعے کے بعد پوری رات سو نہیں سکے اور انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔منظور احمد نے حکومت سے اپیل کی کہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کی مدد کی جائے تاکہ وہ اپنے نقصان سے کسی حد تک سنبھل سکیں۔دریں اثنا، مقامی لوگوں نے وزیر زراعت جاوید احمد ڈار اور رکن اسمبلی سوپور ارشاد رسول کار سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ باغبان کے معاملے میں مداخلت کریں اور انہیں مناسب مالی امداد فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔