جموںوکشمیر سٹی گیس ڈِسٹری بیوشن پالیسی 2026 سے صاف ایندھن کی رسائی میں توسیع اورصنعتی ترقی کو فروغ ملے گا۔ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ

جموںوکشمیر سٹی گیس ڈِسٹری بیوشن پالیسی 2026 سے صاف ایندھن کی رسائی میں توسیع اورصنعتی ترقی کو فروغ ملے گا۔ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ

پالیسی میں مقررہ مدت کے اندر سِنگل وِنڈو کلیئرنس ، تمام 20اَضلاع میں کوریج اور بڑے صنعتی مراکز کو ترجیحی بنیادوں پر گیس کنکشن کی فراہمی شامل ہے

سری نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج جموں و کشمیر سٹی گیس ڈِسٹری بیوشن (سی جی ڈی) پالیسی 2026 کے نوٹیفکیشن کو صاف ایندھن تک رسائی بڑھانے، صنعتی مسابقت کو مضبوط بنانے اور جموں و کشمیر کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔کابینہ کی منظوری کے بعد جاری کی گئی یہ پالیسی میں گھروں، تجارتی اِداروں، صنعتوں اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں پائپ شدہ نیچرل گیس (پی این جی) اور کمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی) کے اِستعمال کو بڑھانے کے لئے ایک واضح، سرمایہ کار دوست اور مقررہ مدت پر مبنی لائحہ عمل وضع کرتی ہے۔پالیسی کے تحت جموں و کشمیر کے تمام 20 اَضلاع میں سٹی گیس ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کی مرحلہ وار توسیع کا منصوبہ ہے جس سے صارفین تک صاف اور قابلِ اعتماد قدرتی گیس کی فراہمی ممکن ہوگی اور روایتی ایندھن سے منتقلی میں مدد ملے گی۔پالیسی کا ایک اہم مقصد سنگل وِنڈو اورمقررہ مدت کے اندر کلیئرنس، سی این جی سٹیشنوں کے قیام کے لئے آسان طریقۂ کار اور’ رائٹ آف وے ‘کے معیاری ضوابط کے ذریعے منصوبوں پر عمل درآمد کو آسان اور تیز بنانا ہے۔ اس میں کٹھوعہ، سانبہ اور پلوامہ سمیت بڑے صنعتی مراکز کو گیس کنکٹویٹی میں ترجیح دینے کی بھی گنجائش رکھی گئی ہے، تاکہ صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے اور قابلِ اعتماد توانائی تک رَسائی کو بہتر بنایا جا سکے۔پی این جی اور سی این جی کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع سے محفوظ، صاف اور زیادہ سستے توانائی کے متبادل فراہم ہونے، ایندھن کے اخراجات میں کمی، صنعتی کارکردگی اور مسابقت میں بہتری اور اُبھرتے ہوئے صاف توانائی کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ اَفزائی متوقع ہے۔یہ پالیسی مقامی روزگار، اپرنٹس شپ اور ہنر مندی کے فروغ کو بھی تقویت دیتی ہے اور گیس ڈسٹری بیوشن کے بنیادی ڈھانچے اور متعلقہ خدمات کی تعمیر، آپریشن اور مینی ٹننس میں نئے مواقع پیدا کرے گی۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین ستیش شرما اور محکمے کو پالیسی کے نوٹیفکیشن پر مُبارک باددِی اور اسے جموں و کشمیر میں صاف ستھری ترقی، دیرپا ترقی اور توانائی کے جدید نظام کے قیام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا،’’سٹی گیس ڈسٹری بیوشن پالیسی صاف اور قابلِ اعتماد توانائی تک رسائی کو بڑھانے اور صنعت و سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں مدد دے گی ۔ یہ جموں و کشمیر کے لئے ایک صاف ستھرے، زیادہ مؤثر اور دیرپا توانائی کے مستقبل کی تعمیر کی جانب ایک اہم قدم ہے۔‘‘