رواںمالی سال کے دوران کی پہلی اور دوسری سہ ماہی میں دستکاروں اور بُنکروں کو 14.71 کرو ڑ روپے کے قرضے فراہم کئے گئے

رواںمالی سال کے دوران کی پہلی اور دوسری سہ ماہی میں دستکاروں اور بُنکروں کو 14.71 کرو ڑ روپے کے قرضے فراہم کئے گئے

محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم نے 2020 سے اَب تک 19کروڑ روپے کی سود رعایت فراہم کی

سری نگر//محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم نے اپنی نمایاں کریڈٹ کارڈ سکیم کے تحت رواں مالی سال کی پہلی دو سہ ماہیوں میں 14.71 کروڑ روپے کے قرضے فراہم کئے ہیںجس سے پوری وادی میں دستکاروں اور بُنکروں کو کام کے لئے نئے سرمائے کی تقویت مل رہی ہے۔بینکوں کو بھیجی گئی 3,885 درخواستوں میں سے ستمبر 2026 ء کے اِختتام تک 1,332 درخواستیںمنظور کی گئیں اور 1,054 کے تحت رقومات جاری کی گئیں۔محکمہ کے ترجمان نے جاری ایک پریس ریلیز میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ محکمہ اس سہولیت تک رسائی کو بڑھانے کے لئے لیڈ بینکوں اور دیگر مالیاتی اِداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا،’’یہ فنڈز دستکاروں کو آزاد یونٹس قائم کرنے اور خام مال اور اوزار خریدنے میں مدد کے لئے ہیں ،ایک ایسا شعبہ جو ابھی بھی زیادہ محنت طلب ہے۔‘‘ترجمان نے مزید کہا کہ اِستفادہ کنندگان کو پانچ برس تک بتدریج کمی کی بنیاد پر 7 فیصد سود رعایت بھی دی جاتی ہے جس کا مقصد نئے یونٹوں کو خود کفیل بننے میں مدد فراہم کرنا ہے ۔ اُنہوں نے کہا،’’اون کی پروسسنگ، ہینڈلوم اور دستکاری کی پالیسی کے تحت 2020 میں کریڈٹ کی حد کو 1 لاکھ روپے سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے کئے جانے کے بعد سے زائد از 10 ہزار دستکاروں نے مجموعی طور پر 151 کروڑ روپے کے قرضے حاصل کئے ہیں۔‘‘اُنہوں نے مزید بتایا کہ اسی عرصے کے دوران محکمہ نے ان یونٹ مالکان کی مدد کے لئے 19 کروڑ روپے کی سود رعایت فراہم کی ہے۔اِس سکیم کا مقصد غیر رسمی قرضوں پر انحصار کم کرنا اور روایتی دستکاریوں کو زیادہ مستحکم مالی بنیاد فراہم کرنا ہے۔ محکمہ اوزار، خام مال اور چھوٹے پیداواری یونٹوں کے لئے رسمی قرضوں تک رسائی آسان بنا کر کاریگروں اور بُنکروں کی پیداوار بڑھانے، نوجوان دستکاروں کو اس پیشے سے وابستہ رکھنے اور کشمیر کی ہینڈلوم اور دستکاری کی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد کرنے کا خواہاں ہے۔کاریگر اور بُنکر اس سکیم کے فوائد حاصل کرنے کے لئے singlewindow.jk.gov.in پر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔رجسٹریشن میں مدد کے لئے مختلف اَضلاع میں قائم ’ کامن سروس سینٹروں‘ کی سہولیت بھی دستیاب ہے۔ترجمان نے مالیاتی اِداروں اور لیڈ بینکوں پر زور دیا کہ وہ کرافٹ سیکٹر کو ترجیحی قرضہ جات کے زُمرے میں رکھیں اور بروقت اور بغیر کسی دشواری کے قرضے فراہم کریں تاکہ چھوٹے یونٹ مالکان ایک مضبوط اور زیادہ خود انحصار بنیاد قائم کر سکیں۔