ریل گاڑی میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کیخلاف کارروائی

ریل گاڑی میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کیخلاف کارروائی

مسافر ٹرین میں سفر کرنے سے قبل معتبر اور درست ٹکٹ ضرور حاصل کریں / ریلوئے حکام

سرینگر / این این بی // ریل گاڑی میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کیخلاف مہم کو تیز کرتے ہوئے شمالی ریلوئے کے جموں ڈویژن نے خصوصی مہم کے دوران ماہ ستمبر میں ٹکٹ چیکنگ مہم کے دوران 48.88 لاکھ روپے بطور جرنامہ وصول کر لیا ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق شمالی ریلوئے کے جموں ڈویژن نے ستمبر کے دوران مسافروں کے ٹکٹوں کی جانچ کیلئے چلائی گئی خصوصی مہم کے دوران 6617معاملات درج کرکے 48.88 لاکھ روپے کی آمدنی وصول کی ہے۔ یہ خصوصی مہم بغیر ٹکٹ یا غیر قانونی طریقے سے سفر کرنے والے مسافروں کی حوصلہ شکنی اور ریلوے کے قوانین پر مو ¿ثر عملدرآمد یقینی بنانے کے مقصد سے چلائی گئی۔ریلوے حکام کے مطابق یہ خصوصی ٹکٹ چیکنگ مہم یکم ستمبر سے 30 ستمبر تک جاری رہی، جس کے دوران جموں ڈویژن کے ٹکٹ چیکنگ اسکواڈ نے مختلف ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں بڑے پیمانے پر مسافروں کے ٹکٹوں کی جانچ کی۔حکام نے بتایا کہ مہم کا بنیادی مقصد ایسے مسافروں کے خلاف کارروائی کرنا تھا جو بغیر ٹکٹ سفر کرتے ہیں یا غیر مجاز اور غیر قانونی طریقے سے ریلوے خدمات استعمال کرتے ہیں۔ ٹکٹ چیکنگ ٹیموں نے مسافروں کے سفری دستاویزات اور ٹکٹوں کی جانچ کے دوران متعدد خلاف ورزیاں سامنے آنے پر قواعد کے مطابق کارروائی کی۔خصوصی مہم کے دوران جموں ڈویژن کے اہم ریلوے اسٹیشنوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔ ٹکٹ چیکنگ ٹیموں نے جموں توی، ماتا ویشنو دیوی کٹرا، ادھم پور اور پٹھان کوٹ کینٹ سمیت مختلف اہم اسٹیشنوں پر مسافروں کے ٹکٹوں کی جانچ کی۔اس کے علاوہ مختلف ٹرینوں میں بھی ٹکٹ چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا تاکہ بغیر ٹکٹ یا غیر قانونی سفر کرنے والے افراد کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔ریلوے حکام کے مطابق مہم کے دوران سامنے آنے والے معاملات میں صرف بغیر ٹکٹ یا غیر مجاز سفر ہی شامل نہیں تھا بلکہ ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں سگریٹ نوشی اور گندگی پھیلانے سے متعلق خلاف ورزیاں بھی شامل تھیں۔ریلوے نے مسافروں کو واضح کیا ہے کہ ٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر سگریٹ نوشی کرنا اور گندگی پھیلانا قابلِ سزا خلاف ورزیاں ہیں۔ خصوصی چیکنگ مہم کے دوران ایسے مسافروں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی جو ریلوے کے صفائی اور حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے۔جموں ڈویژن نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹرین میں سفر کرنے سے قبل معتبر اور درست ٹکٹ ضرور حاصل کریں اور سفر کے دوران اسے اپنے پاس رکھیں۔ ریلوے نے واضح کیا کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنا یا ٹکٹ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنا قابلِ کارروائی جرم ہے۔حکام نے مسافروں پر زور دیا کہ وہ ٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر صفائی کا خاص خیال رکھیں، گندگی نہ پھیلائیں اور سگریٹ نوشی سے اجتناب کریں۔