پروین ہڈا کی بدولت ہندوستان کو دوسرا باکسنگ گولڈ میڈل

پروین ہڈا کی بدولت ہندوستان کو دوسرا باکسنگ گولڈ میڈل

نشّیو/آئی اے این ایس//ہندوستان کی26 سالہ باکسر پروین ہڈا نے خواتین کے 65 کلوگرام زمرے میں گولڈ میڈل جیت کر ایشین گیمز2026 میں ہندوستان کو خواتین کی باکسنگ کا دوسرا گولڈ دلادیا۔ پروین نے جمعہ کو فائنل میں چائنیز تائپے کی نین چِن چی کو سخت مقابلے میں 5-0، 0-5، 3-2 سے شکست دی۔ روہتک کی رہنے والی پروین نے پہلے راؤنڈ میں 5-0 سے برتری حاصل کی، لیکن نین چِن چی نے دوسرے راؤنڈ میں 5-0 سے واپسی کی۔ فیصلہ کن تیسرے راؤنڈ میں پروین نے اپنا تحمل برقرار رکھتے ہوئے 3-2 سے راؤنڈ جیت کرگولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ یہ ایشین گیمز میں پروین کا پہلا میڈل ہے۔ اس سے قبل وہ 2025 ورلڈکپ میں گولڈ، 2022 ورلڈ چمپئن شپ میں برونز اور 2022 ایشین چمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت چکی ہیں۔ پروین ایشین گیمز میں باکسنگ کاگولڈ جیتنے والی ہندوستان کی تیسری خاتون بن گئی ہیں۔ ایم سی میری کوم نے 2014 میں 51 کلوگرام زمرے میں گولڈ جیتا تھا، جبکہ لولینا بوگوہین نے جمعہ کو 75 کلوگرام زمرے میں چین کی زیئی باؤ کو 5-0 سے شکست دے کر اپنا دوسرا ایشین گیمزگولڈ حاصل کیا۔ جمعہ کو اپنی 29 ویں سالگرہ منانے والی لولینا نے اس کامیابی کے ساتھ گزشتہ ایشین گیمز میں حاصل کیے گئے سلور میڈل کوگولڈ میں تبدیل کیا۔ ٹوکیو اولمپکس میں برونز میڈل جیتنے والی لولینا ایشین گیمز میں باکسنگ گولڈ اور اولمپک میڈل جیتنے والی میری کوم کے بعد دوسری ہندوستانی خاتون ہیں۔ میری کوم نے 2014 کے ایشین گیمز میں51 کلوگرام فلائی ویٹ زمرے کاگولڈ اور2012 لندن اولمپکس میں برونز میڈل جیتا تھا۔ پروین ہڈا اور لولینا بورگوہین کے ایک ہی دن گولڈ میڈل جیتنے کے ساتھ ہندوستان نے ایشین گیمز میں خواتین کی باکسنگ میں تاریخی دوہری سنہری کامیابی مکمل کی۔