وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر ہائیڈرو پاور پالیسی 2026 کے مسودے کا جائیزہ لیا

وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر ہائیڈرو پاور پالیسی 2026 کے مسودے کا جائیزہ لیا

ہائیڈرو پاور کی صلاحیت کو تیزی سے استعمال کرنے پر زور دیا ، توانائی کی حفاظت ، پائیداری اور عوامی بہبود پر توجہ مرکوز کی

سرینگر//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر ہائیڈرو پاور پالیسی 2026 کے مسودے کا جائیزہ لینے کیلئے ایک اجلاس کی صدارت کی ۔ انہوں نے جموں و کشمیر کی وسیع ہائیڈرو پاور صلاحیت کو تیزی سے استعمال کرنے ، بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت بڑھانے اور مجموعی طور پر بجلی کے شعبے کو مضبوط بنانے کیلئے ایک مرکوز پالیسی فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا ۔ موجودہ پالیسی فریم ورک کی کارکردگی کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ نئی پالیسی کو ان چیلنجز کا سامنا کرنا چاہئیے جنہوں نے ہائیڈرو پاور کی ترقی کو محدود کیا ہے اور اس شعبے کی تیز اور پائیدار ترقی کیلئے ایک واضح روڈ میپ فراہم کرنا چاہئیے ۔ میٹنگ میں جموں و کشمیر میں شناخت شدہ ہائیڈرو پاور پوٹینشل 14,635 میگاواٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں دریائے چناب اور جہلم کے طاسوں کا حصہ بالترتیب 11,283 میگاواٹ اور 3,084 میگاواٹ ہے ۔ میٹنگ میں مطلع کیا گیا کہ اب تک 3,540.15 میگاواٹ ( شناخت شدہ پوٹینشل کا 24.18 فیصد ) مرکزی شعبے کے ذریعے این ایچ پی سی ، یونین ٹیریٹری شعبے کے ذریعے جے کے پی ڈی سی اور نجی شعبے کے ذریعے انڈی پینڈنٹ پاور پروڈیوسرز ( آئی پی پیز ) کے تحت کمیشن ہو چکا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ پالیسی ہائیڈرو پاور وسائل کی پائیدار ترقی کو آسان بنائے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ پاور سیکٹر کی توسیع توانائی کی سلامتی ، اقتصادی ترقی اور متوازن علاقائی ترقی میں حصہ ڈالے ۔ میٹنگ میں 2003 اور 2011 میں متعارف کرائی گئی پن بجلی پالیسیوں کے تجربے اور کارکردگی کا بھی جائیزہ لیا گیا جس میں سیکھے گئے اسباق ، درپیش چیلنجز اور مستقبل کی سرمایہ کاری اور منصوبوں کے نفاذ کو تیز کرنے کیلئے مناسب پالیسی ہم آہنگی کی ضرورت پر بات چیت مرکوز رہی ۔ ادارہ جاتی طریقہ کار پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا جس میں جموں و کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن ( جے کے پی ڈی سی ) اور جموں و کشمیر انرجی ڈیولپمنٹ ایجنسی ( جے اے کے ای ڈی اے ) کے متعلقہ کرداروں کو منظم کرنے پر بات ہوئی ۔
وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار وسائل کا انتظام ، توانائی میں خود انحصاری اور عوامی بہبود نئی پالیسی کا مرکزی محور رہنا چاہئیے جبکہ جموں و کشمیر کے پن بجلی کے وسائل کی ذمہ دارانہ ترقی کیلئے ایک ساز گار فریم ورک بھی تشکیل دیا جائے ۔ اجلاس میں وزیر برائے جنگلات و ماحولیات مسٹر جاوید رانا ، وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی ڈی ڈی ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جل شکتی ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فائنانس ، منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے اسٹیٹ پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔