سرینگر// یو این ایس / جموں و کشمیر میں مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) کے تحت مٹیریل کے واجبات کا ایک حصہ مالی سال 2017-18 سے اب تک زیر التوا ہے۔ حکومت نے قانون ساز اسمبلی میں ایک تحریری جواب میں بتایا کہ مقررہ حد سے زیادہ جمع ہونے والے مٹیریل واجبات کی ادائیگی ابھی باقی ہے۔یہ جواب رکن اسمبلی بلدیو راج شرما کے سوال کے جواب میں محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کی جانب سے دیا گیا۔ محکمہ نے بتایا کہ مالی سال 2017-18 کے لیے مقررہ 40 فیصد مٹیریل واجبات کی حد کے اندر جو رقم واجب الادا تھی، اسے پہلے ہی ادا کیا جا چکا ہے، تاہم 40 فیصد کی مقررہ حد سے زائد جمع ہونے والی ذمہ داریاں ابھی بھی زیر التوا ہیں۔محکمہ کے مطابق منریگا کے تحت مٹیریل پر اخراجات کے لیے 40 فیصد کی حد مقرر ہے۔ اس حد سے زیادہ واجبات جمع ہونے کے باعث متعلقہ ادائیگیاں نہیں ہو سکیں اور یہی زیر التوا رقم کی بنیادی وجہ ہے۔حکومت نے بتایا کہ 2017-18 سمیت زیر التوا مٹیریل واجبات کی ادائیگی کے لیے فنڈز جاری کرنے کا معاملہ مرکزی حکومت کی وزارت دیہی ترقی کے ساتھ اٹھایا گیا ہے۔تاہم حکومت نے واجبات کی مکمل ادائیگی کے لیے کوئی حتمی تاریخ دینے سے گریز کیا ہے۔ محکمہ نے واضح کیا کہ بقایا جات کی ادائیگی وزارت دیہی ترقی، حکومت ہند کی جانب سے مطلوبہ فنڈز جاری کیے جانے پر منحصر ہے، اس لیے فی الحال مکمل واجبات کی ادائیگی کی کوئی حتمی تاریخ مقرر نہیں کی جا سکتی۔










