مہاراجہ ہری سنگھ کو یوم پیدائش پر خراج عقیدت

مہاراجہ ایک روشن خیال مدبر اور ترقی پسند مفکر تھے / لیفٹننٹ گورنر

سرینگر// یو این ایس / جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور عوامی بہبود اور سماجی اصلاحات کے لیے ان کی خدمات کو اجاگر کیا۔جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر کی جانب سے ایکس پر جاری پوسٹ میں کہا گیا کہ مہاراجہ ہری سنگھ نے عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر اصلاحات متعارف کرائی تھیں۔ پوسٹ میں انہیں ایک روشن خیال مدبر اور ترقی پسند مفکر قرار دیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر کے مطابق مہاراجہ ہری سنگھ کی جانب سے عوامی خدمت، مساوات اور جامع ترقی پر دیا گیا زور آج بھی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔حکومت کی جانب سے جاری بیان میں ان کی جانب سے شروع کی گئی سماجی اصلاحات اور عوامی بہبود کے اقدامات کو بھی یاد کیا گیا اور کہا گیا کہ ان کی خدمات کو ان کے یوم پیدائش کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔23 ستمبر کو ہر سال جموں و کشمیر میں مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش کے موقع پر سرکاری تعطیل منائی جاتی ہے۔ اس موقع پر مختلف سیاسی، سماجی اور دیگر حلقوں کی جانب سے بھی مہاراجہ ہری سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔