رانا نے کشمیر میں جل شکتی اور آئی اینڈ ایف سی کے کاموں کی زمینی صورتحال اور مالیاتی پیش رفت کا جائیزہ لیا

افسران کو موسم سرما شروع ہونے سے پہلے منصوبوں کی تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت

سرینگر//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور مسٹر جاوید احمد رانا نے ایک جائیزہ میٹنگ کی صدارت کی تا کہ جل شکتی ڈیپارٹمنٹ اور ایری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول ( آئی اینڈ ایف سی ) کے ذریعے چلائے جا رہے مختلف منصوبوں اور ترقیاتی کاموں کی زمینی صورتحال اور مالیاتی پیش رفت کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ میٹنگ میں جل شکتی اور ایری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول محکموں کے چیف انجینئرز کے ساتھ کشمیر ڈویژن کے ہائیڈرولک سرکلز کے تمام سپرنٹنڈنگ انجینرز بھی موجود تھے ۔ میٹنگ کے دوران متعلقہ افسران نے وزیر موصوف کو جاری منصوبوں کی پیش رفت ، اب تک حاصل کردہ کامیابیوں ، رکاوٹوں اور مختلف کاموں کیلئے منظور شدہ اور مختص فنڈز کے مقابلے میں خرچ کی حیثیت سے آگاہ کیا ۔ وزیر موصوف نے پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت کہ میدان میں کاموں کی عمل آوری کو تیز کیا جائے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ تکمیل کے قریب تمام منصوبے مقررہ وقت کے اندر خاص طور پر سردیوں کے آغاز سے پہلے مکمل کر لئے جائیں ۔ جل شکتی محکمہ کے کاموں اور پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے مسٹر رانا نے افسران کو ہدایت دی کہ تمام نامکمل پینے کے پانی کی سپلائی سکیمز کو اولین ترجیح دی جائے اور سردیوں کے موسم کے آغاز سے پہلے انہیں مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے ۔
آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکمہ کے تحت جاری کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر نے ہدایت دی کہ پانی کے چینلز کی صفائی ( ڈی سلٹنگ ) اور سیلاب سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے اور کمزور مقامات پر بندوں کی مضبوطی کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے زور دیا کہ زمینی صورتحال اور مالی اخراجات ہم آہنگ ہوں اور ترقیاتی کاموں کیلئے مختص فنڈز کا استعمال دانشمندی ، شفافیت اور مقررہ وقت کی حدود کے اندر کیا جائے ۔