لیفٹیننٹ گورنر کا اِنسدادِ دہشت گردی کی حکمت عملی اور علاقوں میں سیکورٹی کارروائیوں میں تیز ی لانے پر زور
سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے سینئر اَفسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں سینئر اَفسران کے ساتھ جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری میں سکیورٹی نظام اور سٹریٹجک تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، ڈِی جی پی نلین پربھات، پرنسپل سیکرٹری محکمہ داخلہ چندراکر بھارتی، سپیشل ڈِی جی کوآرڈی نیشن پی ایچ کیو ایس جے ایم گیلانی، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، اے ڈِی جی پی سی آئی ڈی ایم کے سنہا، آئی جی پی کشمیر سوجیت کمار، آئی جی پی جموں تیجندر سنگھ، آئی جی پی کرائم برانچ سارہ رضوی، صوبائی کمشنروں، ڈی آئی جیز اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے سینئر اَفسران کو دہشت گرد نیٹ ورکس پر مسلسل دباؤ برقرار رکھنے اور زمینی سطح پر آپریشنل ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دِی۔ اُنہوں نے اُبھرتے ہوئے خطرات کے مؤثر خاتمے کے لئے علاقوں میں جارحانہ انداز میں سکیورٹی کارروائیاں کرنے کی حکمت عملی اَپنانے پر زور دیا۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ عوام کا اعتماد سکیورٹی نظام کے لئے بہت ضروری ہے۔اُنہوں نے پولیس اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے ساتھ براہِ راست روابط کو فروغ دیں اور شہریوں سے بات چیت اور شکایات کے ازالے کے لئے مخصوص اوقات کا تعین کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے پولیس سٹیشن کی سطح پر کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے شفاف، غیر جانبدارانہ اور حساس شکایت سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیااور اَفسران کو مکمل پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ تحقیقات کرنے کی ہدایت دِی۔اُنہوں نے کہا، ’’پولیس کو عوام کے ساتھ مضبوط اور مسلسل رابطہ برقرار رکھنا چاہیے۔ ہر جائز شکایت کو حساسیت کے ساتھ حل کیا جانا چاہیے اور ہر تحقیقات کو مکمل منصفانہ، شفافیت اور غیر جانبداری کے ساتھ انجام دیا جانا چاہیے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے منشیات کے سمگلروں کے خلاف مؤثر کارروائی پر جموں و کشمیر پولیس اور سکیورٹی ایجنسیوں کی ستائش کی۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ منشیات سے منسلک دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور اُبھرتے ہوئے ڈیجیٹل خطرات کی نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے۔اُنہوں نے سائبر اور سوشل میڈیا کے میدان میں ابھرتے ہوئے چیلنجوں کو اُجاگر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کی قریبی نگرانی کی ہدایت دی تاکہ ملک مخالف پروپیگنڈے، ڈیجیٹل گمراہ کن معلومات اور آن لائن بلیک میلنگ کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔دورانِ میٹنگ ڈِی جی پی اور پرنسپل سیکرٹری محکمہ داخلہ نے لیفٹیننٹ گورنر کو جموں و کشمیر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا۔ آئی جی پیز، ڈِی آئی جیز اور صوبائی کمشنروںنے اپنے اپنے علاقوں میں سکیورٹی صورتحال، اِنسدادِ دہشت گردی کارروائیوں، امن وامان کی صورتحال، منشیات کی سمگلنگ اور دیگر اُبھرتے ہوئے چیلنجوں کے بارے میں لیفٹیننٹ گورنر کوجانکاری دِی۔میٹنگ میں دیگر متعدد اہم مسائل پر بھی جامع اور تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے تمام اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ آپریشنل سطح پر مکمل چوکس رہیں، مختلف ایجنسیوں کے درمیان بلاتعطل اور مؤثر رابطہ و تعاون برقرار رکھیں اور یونین ٹیریٹری میں امن کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پیشگی اور فعال حکمت عملی اَپنائیں۔










