بارہمولہ//وزیر زراعت ، دیہی ترقی اور پنچائتی راج ، کواپریٹو اور الیکشن ڈیپارٹمنٹ مسٹر جاوید احمد ڈار نے لاڈورا بارہمولہ میں مقدس زیارت حضرت نظام الدین ؒ پر باڑ بندی اور خوبصورتی کے کاموں کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ یہ منصوبہ پی ڈبلیو ( آر اینڈ بی ) رفیع آباد ڈویژن کے ذریعے عمل میں لایا جا رہا ہے جس کی تخمینہ لاگت 30 لاکھ روپے ہے اور اس کا مقصد مقدس مزار کے مجموعی بنیادی ڈھانچے ، ظاہری شکل و صورت اور گردونواح کو بہتر بنانا ہے نیز عقیدت مندوں اور زائرین کو سہولت فراہم کرنا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی زندگی اور تعلیمات انسانیت کیلئے لازوال رہنمائی فراہم کرتی ہیں اور امن ، ہمدردی ، رواداری ، باہمی احترام اور بھائی چارے کی اقدار کی حامل ہیں ۔ انہوں نے زور دیا کہ بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کی ترویج نبی کریم ﷺ کی بنیادی تعلیمات میں سے ایک ہے اور مزید کہا کہ یہ اقدار پرامن ، متفقہ اور ترقی پذیر معاشرہ بنانے کیلئے ضروری ہیں ۔ وزیر نے کہا کہ مذہبی اور ورثے کے مقامات جموں و کشمیر کے سماجی اور ثقافتی تانے بانے کا لازمی حصہ ہیں اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ ترقیاتی کاموں کو معیار ، جمالیات اور مقام کی تقدس کا پورا خیال رکھتے ہوئے انجام دیا جائے ۔ مسٹر جاوید ڈار نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ معیار کو برقرار رکھا جائے اور منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔ وزیر نے مقامی رہائشیوں اور نمائندوں سے بھی بات چیت کی اور علاقے میں ترقیاتی مسائل کے حوالے سے رائے لی اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائیز مسائل پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا ۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران ، مقامی نمائندے اور ممتاز شہری موجود تھے ۔










