رائے درگ اراضی معاملہ ،SBI کو حکومتی پیشکش قبول

حیدرآباد/سیاست نیوز// رائے درگ اراضی معاملہ میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے بورڈ نے ریاستی حکومت کی جانب سے کی گئی پیشکش کو قبول کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ 30جون کو اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے بورڈ آف گورنرس کے اجلاس میں حکومت کی تجویز کو مشروط منظوری دی جاچکی ہے اور کہا جارہاہے کہ رائے درگ میں ہی SBI کے ذمہ داروں نے 2.5 ایکڑ اراضی کے علاوہ بھارت فیوچر سٹی میں 10 ایکڑ اراضی کے عوض متنازعہ 5 ایکڑ اراضی واپس کرنے میں آمادگی کا اظہار کیا ہے اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی جانب سے منظوری کی گئی اس قرار داد کی نقولات کا حیدرآباد کے عہدیداروں کو انتظار ہے۔ محکمہ صنعت کے عہدیداروں کا کہناہے کہ SBI کی منظورہ تجویز کا جائزہ لینے کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے اس پر ردعمل ظاہر کیا جائے گا اور سرکاری طور پر بینک کے عہدیدار و ریاستی حکومت کے ذمہ دار مشاورت کے بعد معاہدہ کرتے ہوئے اراضی کا تبادلہ کریں گے۔ بتایا جاتاہے کہ ریاستی حکومت کے متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے ذمہ داروں سے خواہش کی ہے کہ وہ قرار داد کی منظوری کی بنیاد پر تلنگانہ ہائی کورٹ میں داخل کئے گئے مقدمہ سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے عدالت سے حاصل کئے گئے حکم التواء کو برخواست کروانے کے اقدامات کا آغاز کریں۔بتایاجاتاہے کہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے عہدیدارجلد ہی اس سلسلہ میں قانونی ماہرین سے بات چیت اور مشاورت کے بعد تلنگانہ ہائی کورٹ میں زیر التواء درخواست سے دستبرداری اختیار کرنے کے لئے درخواست داخل کریں گے۔ جامعہ نظامیہ کے تحت وقف اس جائیداد کے متعلق قانونی چارہ جوئی کے سلسلہ میں جامعہ نظامیہ کی جانب سے اب تک بھی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ۔