ملک کی معیشت کو بہتر بنانے سرمایہ نکاسی کا منصوبہ

حیدرآباد/سیاست نیوز// مغربی ایشیا میں بحران کے سبب ملک کی معیشت کو سنگین صورتحال کا سامنا ہے۔ ان حالات میں حکومت زائد آمدنی کے حصول کے ذرائع اور امکانات تلاش کررہی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت نے آمدنی میں اضافے کے لئے جن امکانات کا جائزہ لیا ہے ان میں اثاثہ جات اور اراضی کی فروخت اور سرمایہ نکاسی کے ذریعہ سرکاری خزانوں میں فنڈس کی واپسی ہے۔ حکومت کے اعلیٰ عہدیدار ڈپارٹمنٹ آف انوسٹمنٹ اینڈ پبلک اسیٹ مینیجمنٹ اور ڈپارٹمنٹ آف پبلک انٹرپرائزیس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے آمدنی میں اضافے کے ذرائع کا جائزہ لے رہے ہیں۔ حکومت کو امید ہے کہ مالیاتی سال 2027 میں سرمایہ نکاسی سے دیپم کے تحت بجٹ نشانہ میں 80 ہزار کروڑ کا اضافہ ہوگا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت آئی ڈی بی آئی بینک کو فروخت کرنے کی تجویز رکھتی ہے تاہم سرمایہ کاروں کی جانب سے عدم دلچسپی کے باعث اس تجویز کو ملتوی کردیا گیا۔ موجودہ حالات میں بینک کے احیاء کے اقدامات کئے جائیں گے۔ حکومت نے مالیاتی سال 2026-30 کے دوران نیشنل مانیٹائزیشن پائپ لائن کے تحت 5 برسوں میں 10 لاکھ کروڑ کے اثاثہ جات سے آمدنی کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ عوامی شعبہ کے اداروں میں سرمایہ نکاسی کے ذریعہ حکومت آمدنی میں اضافے کے امکانات تلاش کررہی ہے۔ مالیاتی بحران سے ملک کی معیشت کو بچانے کے لئے حکومت بڑے پیمانے پر لینڈ مانیٹائزیشن اور سرمایہ نکاسی کی سمت پیشرفت کررہی ہے۔ 1؍F