عاقب نبی ہندوستانی ٹیم کیلئے نیٹ بولر مقرر

نئی دہلی/آئی اے این ایس// جموں وکشمیر کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولرعاقب نبی کو 6 سے 10 جون تک نیو چنڈی گڑھ میں افغانستان کے خلاف کھیلے جانے والے واحد ٹسٹ میچ کے لیے ہندوستانی ٹیم کے ساتھ نیٹ بولرکے طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔ عاقب نبی حالیہ رانجی ٹرافی سیزن کے نمایاں ترین بولرز میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 60 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے جموں و کشمیرکی شاندار فتوحات میں اہم کردار ادا کیا تھا، جس کے بعد انہیں پہلی بار قومی ٹسٹ ٹیم میں شامل کیے جانے کی توقع کی جا رہی تھی تاہم سلیکٹروں نے بیک اپ فاسٹ بولر کے طور پر پنجاب کے قد آور فاسٹ بولرگرنور برارکو محمد سراج اور پرسدھ کرشنا کے ساتھ اسکواڈ میں جگہ دی۔ اس کے باوجود عاقب نبی کو ٹیم کی تیاریوں میں مدد کے لیے نیٹ بولر کے طور پر طلب کیا گیا ہے۔اسکواڈ کے اعلان کے وقت چیف سلیکٹر اجیت آگارکر نے عاقب نبی کے بارے میں کہا تھا کہ ان کی گھریلو کرکٹ میں کارکردگی قابلِ توجہ رہی ہے اور وہ انتخاب کے بہت قریب تھے، لیکن موجودہ حالات میں سلیکشن کمیٹی نے دیگر تین فاسٹ بولر بازوں پر اعتماد کیا۔گرنور برارکے علاوہ بائیں ہاتھ کے اسپنر مانو سوتھر اور بائیں ہاتھ سے اسپن بولنگ کرنے والے آل راؤنڈر ہرش دوبے کو بھی پہلی مرتبہ ہندوستانی ٹسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔شبمن گل اس واحد ٹسٹ میچ میں ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ کے ایل راہول نائب کپتان ہوں گے۔ بیٹنگ کے شعبے میں یشسوی جیسوال، سائی سدرشن، دیودت پڈیکل، دھرو جوریل اور رشبھ پنت بھی شامل ہیں۔ رویندر جڈیجہ کو آرام دیے جانے کے باعث اسپن بولنگ کی ذمہ داری کلدیپ یادو اور واشنگٹن سندر سنبھالیں گے۔ہندوستان اور افغانستان کے درمیان یہ صرف دوسرا ٹسٹ میچ ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹسٹ 2018 میں کھیلا گیا تھا، جس میں ہندوستان نے ایک اننگز اور262 رنز سے بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔ یہ میچ عالمی ٹسٹ چمپئن شپ 2025-27 کا حصہ نہیں ہوگا۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ محمد نبی نے نا صرف رانجی ٹرافی میں شاندار فاسٹ بولنگ کے مظاہرہ کیا بلکہ جموں وکشمیر کو ٹرافی دلوانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ۔ان کی شاندار بولنگ کے بعد سوروکنگولی ، سنیل گواسکر اور دیگر سابق کھلاڑیوں نے نبی کو موقع دینے کی بات کہی تھی ۔