سراج فٹ اور افغانستان ٹسٹ کیلئے تیار :رابن

نیو چندی گڑھ/آئی اے این ایس// ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے معاون کوچ راین ٹین ڈوشیٹ نے افغانستان کے خلاف ہفتہ کو شروع ہونے والے واحد ٹسٹ سے قبل ٹیم کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاسٹ بولر محمد سراج مکمل طور پر فٹ دکھائی دے رہے ہیں اور ان کی دستیابی کے حوالے سے کوئی تشویش نہیں ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹین ڈوشیٹ نے کہا ہے کہ محمد سراج نے بھرپور بولنگ کی اور وہ بہترین ردھم میں نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل 2026 کے اختتام کے صرف پانچ دن بعد ٹسٹ میچ کھیلنا ایک بڑا چیلنج ضرور ہے، تاہم ٹیم کے کھلاڑی اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے اسپن شعبہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ رویندر جڈیجہ کو آرام دیے جانے کے بعد ہریش دوبے اور مانو سوتھر کے درمیان ٹیم میں جگہ کے لیے مقابلہ جاری ہے، لیکن دونوں کے بیک وقت کھیلنے کے امکانات کم ہیں۔ ان کے مطابق کلدیپ یادو اور واشنگٹن سندرکے کھیلنے کا امکان زیادہ ہے جبکہ دوبے یا سوتھر میں سے کسی ایک کو موقع مل سکتا ہے۔ ٹین ڈوشیٹ نے کہا کہ گجرات ٹائٹنزکے سات کھلاڑی حال ہی میں ایک سخت اور طویل آئی پی ایل فائنل کھیل کر آئے ہیں، اس لیے کوچنگ اسٹاف کی اولین ترجیح انہیں جسمانی اور ذہنی طور پر تازہ دم کرنا ہے تاکہ وہ ٹسٹ کرکٹ کے تقاضوں کے لیے مکمل طور پر تیار ہو سکیں۔ وکٹ کیپر رشبھ پنت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں معاون کوچ نے کہا کہ قیادت صرف عہدوں کی محتاج نہیں ہوتی۔ اگرچہ پنت اب نائب کپتان نہیں ہیں، لیکن وہ ٹیم کے سینئرکھلاڑی اور قائدانہ کردار ادا کرنے والے اہم رکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رشبھ پنت مثبت ذہنیت کے مالک ہیں اور ٹیم کے ماحول کو خوشگوار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کوچ کے مطابق پنت اور ہیڈکوچ گوتم گمبھیر کے درمیان اس بات پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے کہ ایک سینئر کھلاڑی کو میدان کے اندر اور باہر کس طرح مثال قائم کرنی چاہیے۔ ٹین ڈوشیٹ نے کہا کہ رشبھ پنت کی فطری جارحانہ صلاحیتوں کو محدود کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم اگر وہ بعض مواقع پر میچ کی صورتحال کے مطابق اپنے کھیل میں معمولی تبدیلیاں لاتے ہیں تو اس سے ٹیم کو مزید فائدہ پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے نمبر تین کے بیٹرکی اہمیت پر بھی زور دیا ہے ۔