جاوید ڈار نے مڑھ جموں میں 3.5 کروڑ روپے کے فروٹ و ویجی ٹیبل پروسسنگ یونٹ کا اِفتتاح کیا

جموں//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمدڈار نے بدھ کے روز جموں کے مڑھ علاقے میں ایک جدید ترین فروٹ و ویجی ٹیبل ایگر یگیشن ،پروسسنگ ، گریڈنگ او رپیکنگ یونٹ کا اِفتتاح کیا۔ اِس موقعہ پر رُکن اسمبلی مڑھ سریندر کمار بھگت ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایچ پی ایم سی محمد فاروق ڈار، ڈائریکٹر ایگری کلچر جموں انیل گپتا، ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری جموں سنجے گپتا، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر جموں گل سعید اور ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں ڈاکٹر سید معین الحق سمیت دیگر اَفسران موجود تھے۔وزیر موصوف نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پروسسنگ یونٹ کا قیام پوسٹ ہارویسٹ مینجمنٹ کو مضبوط بنانے، پروسسنگ کی صلاحیت کو بڑھانے اور فصلوں کے نقصانات کو نمایاں طور پر کم کرنے میں اہم کردار اَدا کرے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس سہولیت سے 100 میٹرک ٹن ذخیرۂ کرنے کی گنجائش میں اضافہ ہوگا جس سے ویلیو ایڈیشن ممکن ہوگا اور کسانوں کو مقامی و قومی سطح پر بہتر مارکیٹنگ مواقع حاصل ہوں گے۔اُنہوں نے کہا کہ مڑھ جو ضلع جموں کا ایک اہم سبزی پیدا کرنے والا علاقہ ہے، پورے خطے میں سبزیوں کی سپلائی میں نمایاں کردار اَدا کرتا ہے۔ اِس لئے اس نوعیت کی سہولیت یہاں کے کسانوں کے لئے نہایت ضروری ہے۔جاوید ڈار نے کہا،’’3.5 کروڑ روپے کسانوں کو کٹائی کے بعد کا جدید بنیادی ڈھانچہ فراہم کرے گاجو فصل کے نقصان کو کم کرنے میں مدد دے گا اور بہتر گریڈنگ، پیکنگ اور سٹوریج کی سہولیات کے ذریعے بہتر منافع کو یقینی بنائے گا۔‘‘اُنہوں نے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ معیار کے بیج اور کھاد کی دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ زرعی پیداوار میں اِضافہ ہو۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ غیر ملکی اقسام کے سبزیوں کے بیج اور پھلدار پودے بھی محکمانہ ذرائع سے فراہم کئے جا رہے ہیں۔وزیر نے کہا کہ تمام اضلاع میں سنٹرز آف ایکسی لینس قائم کئے گئے ہیں تاکہ کسانوں کو معیاری پودے اور تکنیکی معاونت فراہم کی جا سکے۔ اُنہوں نے ممبر اسمبلی مڑھ سریندر کمار بھگت کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی بھی کی۔اُنہوںنے فیلڈ اَفسران اور محکمہ جاتی افسران کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کے مسائل کے حل کے لئے مستعدی سے کام کریں اور جموں و کشمیر اورمرکزی حکومتوں کی جانب سے چلائی جارہی فلاحی سکیموں کے بارے میں بیداری مہم کو مزید تیز کریں۔اِس موقعہ پر ممبر اسمبلی مڑھ سریندر کمار بھگت نے اس پروجیکٹ کو علاقے کی زرعی معیشت کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے محکمہ کی سراہنا کی۔اِس سے قبل منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایچ پی ایم سی نے منصوبے کی اہمیت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ یونٹ کسانوں کی آمدنی میں اِضافہ کرے گا، زرعی و باغبانی پیداوار کو فروغ دے گا اور جدید پری کولنگ اور سٹوریج سہولیات کے ذریعے خراب ہونے والی اشیأ کی شیلف لائف کو دو سے تین گنا بڑھا دے گا۔