پانی کی فراہمی کی اسکیموں کی جلد تکمیل اور سیلاب سے تحفظ کے کاموں کی بروقت تکمیل پر زور
جموں//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور مسٹر جاوید احمد رانا نے سول سیکرٹریٹ جموں میں ایک جائیزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں جموں ڈویژن میں جل شکتی ڈیپارٹمنٹ اور آبپاشی و فلڈ کنٹرول ( آئی اینڈ ایف سی ) ڈیپارٹمنٹ کے زیر عمل مختلف اسکیموں اور ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا گیا ۔ اجلاس کے دوران متعلقہ افسران نے وزیر کو جاری اسکیموں کی پیش رفت ، اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں ، عملدرآمد سے متعلق رکاوٹوں اور مختلف کاموں کیلئے منظور شدہ اور مختص فنڈز کے مقابلے میں اخراجات کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر نے افسران کو ہدایت دی کہ زمینی سطح پر کاموں کی تکمیل میں تیزی لائی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تکمیل کے قریب تمام منصوبے مقررہ وقت کے اندر خاص طور پر سردیوں کے آغاز سے پہلے مکمل کر لئے جائیں ۔ جل شکتی ڈیپارٹمنٹ کے کام کاج اور پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے مسٹر رانا نے افسران کو ہدایت دی کہ نامکمل پینے کے پانی کی سپلائی اسکیمز کو اولین ترجیح دی جائے اور انہیں جلد از جلد شروع کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے ۔ وزیر موصوف نے آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکمہ کے تحت جاری کاموں کا جائیزہ لیتے ہوئے ہدایت دی کہ نہروں کی صفائی( ڈی سلٹنگ )اور کمزور مقامات پر سیلاب سے بچاؤ کے انفراسٹرکچر اور پشتوں کی مضبوطی کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ سیلاب سے بچاؤ کے کاموں کی پیش رفت کی تفصیلی رپورٹ پیش کریں ۔ انہوں نے کمزور مقامات پر خصوصی توجہ اور ضروری حفاظتی اقدامات کے بروقت نفاذ پر زور دیا ۔ وزیر نے موثر ہم آہنگی ، باقاعدہ نگرانی اور رکاوٹوں کے بروقت حل کی اہمیت پر زور دیا تا کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جا سکے اور مکمل شدہ منصوبوں کے فوائد بلا تاخیر عوام تک پہنچیں ۔










