weather

وادی میںدہائی کی گرم ترین فروری، دن کا درجہ حرارت ریکارڈ سطح پر

فروری کے اختتام تک جموں و کشمیر میں بڑی بارش یا برفباری کا امکان نہیں// ڈائریکٹر موسمیات

سرینگر// یو این ایس//کشمیر اس وقت غیر معمولی حد تک گرم موسمِ سرما کا سامنا کر رہی ہے، جہاں کئی علاقوں میں دن کا درجہحرارت معمول سے 9 تا 11 ڈگری سیلسیس زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق رواں برس فروری کا مہینہ گزشتہ تقریباً ایک دہائی کا گرم ترین فروری ثابت ہو رہا ہے۔یو این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ گزشتہ چند روز سے روشن دھوپ کے باعث دن کا درجہ حرارت مسلسل موسمی اوسط سے کئی ڈگری زیادہ رہ رہا ہے۔ جمعرات کے روز وادی کے بیشتر علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 9 سے 11 ڈگری سیلسیس اوپر ریکارڈ کیا گیا۔دارالحکومت سری نگر میں جمعرات کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو موسمی معمول سے 9.7 ڈگری زیادہ ہے۔ حکام کے مطابق فروری کے مہینے میں یہ 2016 کے بعد سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ 24 فروری 2016 کو یہاں 20.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔سیاحتی مقام گلمرگ میں دن کا درجہ حرارت 11.4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جو معمول سے 9.9 ڈگری زیادہ ہے۔ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں یہ فروری کا بلند ترین درجہ حرارت قرار دیا جا رہا ہے، جس نے 11 فروری 1993 کے ہمہ وقتی ریکارڈ کی برابری کی۔حکام کے مطابق وادی کشمیر کے دیگر موسمی مراکز پر بھی دن کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔آزاد موسمیاتی پیش گوئی کرنے والے ماہر فیصل عارف نے کہا کہ وادی میں گرمی کی یہ لہر ابھی اپنے آغاز پر ہے۔ انہوں نے کہا،‘‘جیسا کہ پہلے پیش گوئی کی گئی تھی، چند درجہ حرارت کے ریکارڈ پہلے ہی ٹوٹ چکے ہیں، لیکن یہ گرمی کی لہر کا اختتام نہیں۔ دراصل اس کا آغاز ہوا ہے اور آئندہ دنوں میں مزید ریکارڈ چیلنج ہو سکتے ہیں۔’’انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال فروری جموں و کشمیر کی تاریخ کی گرم ترین فروریوں میں شامل ہونے کی راہ پر گامزن ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ماہِ فروری کے اختتام تک کسی بڑی بارش یا برفباری کی پیش گوئی نہیں ہے اور امکان ہے کہ پورا مہینہ زیادہ تر خشک رہے گا۔ حکام کے مطابق وادی کشمیر میں اس وقت 56 فیصد جبکہ جموں خطے میں 35 فیصد بارش کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ فروری کے آخر تک موسم عمومی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم 27 اور 28 فروری کو چند مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔ آئندہ سات دنوں کے دوران کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں مزید اضافے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے غیر معمولی گرمی کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔یو این ایس کے مطابق ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ڈاکٹر مختار احمد نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں فروری کے اختتام تک کسی بڑی بارش یا برفباری کی پیشگوئی نہیں ہے۔ڈاکٹر مختار احمد کے مطابق 20 سے 25 فروری تک موسم عمومی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔ 26 فروری کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے، جبکہ 27 اور 28 فروری کو مطلع جزوی سے عمومی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری کا امکان خارج از امکان نہیں ہے۔انہوں نے مارچ کے پہلے ہفتے کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ یکم سے 3 مارچ تک موسم عمومی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔ 4 سے 7 مارچ تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے جاری کردہ ایڈوائزری میں کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی زرعی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ محکمہ کے مطابق آئندہ سات دنوں کے دوران بیشتر مقامات پر کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔