جموں//وزیر برائے سماجی بہبودسکینہ اِیتو نے ایوان کوبتایا کہ جموں و کشمیر میں اِس وقت 28,186 آنگن واڑی سینٹر ( اے ڈبلیو سیز) فعال طور پر کام کر رہے ہیں۔وزیر موصوفہ نے یہ بات ایوان میں رُکن اسمبلی اَرجن سنگھ راجوکی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ اُنہوں نے ایوان کو بتایا کہ 26,937 آنگن واڑی سینٹر کرایہ کی عمارتوں میں کام کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آنگن واڑی سینٹروں کے لئے مستقل عمارتوں کی تعمیر مرحلہ وار بنیادوں پر فنڈز اور زمین کی دستیابی سے مشروط ہو کر زیر غور لائی جائے گی۔وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ نئے آنگن واڑی مراکزکے کھولنے کے مسئلے کا جائزہ لیا جائے گا جو معیار پر پورا اُترتے ہیں تاکہ اسے مرکزی حکومت کو پیش کیا جا سکے۔










