omar abdulla

’’انصاف میں تاخیر، انصاف سے انکار کے مترادف‘‘

ٹیلی لا پروگرام سے عدالتوں پر دباؤ کم اور بروقت انصاف کی فراہمی ممکن// وزیر اعلیٰ

سرینگر//یو این ایس///جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ ’’انصاف میں تاخیر، انصاف سے انکار کے مترادف ہے‘‘ اور اس بات پر زور دیا کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے صرف وہی مقدمات عدالتوں تک پہنچیں جنہیں باقاعدہ عدالتی سماعت درکار ہو، جبکہ دیگر تنازعات کو ٹیکنالوجی پر مبنی قانونی امداد کے ذریعے حل کیا جا سکے۔یو این ایس کے مطابق سرینگر کے شیرِ کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں منعقدہ ٹیلی لا سرگرمیوں سے متعلق علاقائی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ٹیلی لا پہل، حکومت کے ’’دِشا‘‘ پروگرام کے تحت شہریوں کو خصوصاً دور دراز علاقوں میں وکلاء￿ سے جوڑتی ہے، انہیں ان کے حقوق سے آگاہ کرتی ہے اور ثالثی کے ذریعے تنازعات کے حل میں مدد فراہم کرتی ہے، جس سے عدالتوں پر بوجھ کم ہوتا ہے اور بروقت انصاف تک رسائی ممکن بنتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہونی چاہیے کہ نئے مقدمات کی تعداد میں کمی لائی جائے اور صرف وہی معاملات عدالتوں میں پیش ہوں جنہیں عدالتی کارروائی کی واقعی ضرورت ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں کے لوگوں کو قانونی مدد تک رسائی نسبتاً آسان ہوتی ہے، تاہم دور افتادہ اور دیہی علاقوں میں رہنے والے افراد اکثر اپنے حقوق سے ناواقف ہوتے ہیں یا انہیں وکلاء￿ تک رسائی حاصل نہیں ہوتی، اور ٹیلی لا اس خلا کو پْر کرتا ہے۔وزیر اعلیٰ کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے اب تک 20 اضلاع اور 4 ہزار سے زائد پنچایتوں میں ساڑھے سات لاکھ سے زیادہ شہریوں کو قانونی مشاورت فراہم کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لینا، اضلاع کے درمیان موازنہ کرنا اور بہترین طریقہ کار کی نشاندہی کرنا ہے تاکہ انہیں دیگر علاقوں میں بھی اپنایا جا سکے۔ انہوں نے اس پہل کے ایک اضافی فائدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کامن سروس سینٹروں کو بھی روزگار کے اضافی مواقع میسر آتے ہیں، جس سے ان کی فعالیت میں بہتری آتی ہے۔وزیر اعلیٰ نے وزارت قانون و انصاف کے ساتھ اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ٹیلی لا پروگرام کو وسعت ملے گی، وکلاء￿ تک رسائی بڑھے گی اور تمام شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔ انہوں نے ورکشاپ کو کامیاب قرار دیتے ہوئے منتظمین کا شکریہ بھی ادا کیا۔