جموں// نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے کہا کہ بانڈی پورہ ضلع میں سال 2025ء میں سیلاب اورآفاتِ سماوی سے متاثرہ کسانوں کو فصل کے نقصان کے لئے 42,250روپے اور مویشیوں کے نقصان کیلئے 84,000 روپے ایس ڈِی آر ایف کے اَصولوں کے تحت اَدا کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے ایوان میں وزیراعلیٰ کی جانب سے آج رُکن اسمبلی نظام الدین بٹ کے اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ متعلقہ محکموں نے فصل اور مویشیوں کے نقصان کا تخمینہ لگایا اور کمیٹی کی جانب سے تصدیق کی گئی۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 40 کنال زمین کے علاقے میں زرعی فصل کا نقصان ہوا اور متعلقہ محکموں نے نقصانات کا تخمینہ لگایا اور 40 کسانوں کے معاملات پر کارروائی کی گئی۔اِسی طرح اُنہوں نے کہا کہ 21 فائدہ مستفیدین کے مویشیوں کے نقصان کا بھی فیلڈ ایجنسیوں کی جانب سے تخمینہ لگایا گیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ موبائل ویٹرنری یونٹوں کو مویشیوں سے متعلق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ٹول فری ہیلپ لائن 1962 کے ذریعے فعال رکھا گیا ہے جو کسانوں کی دہلیز پر بروقت ویٹرنری اور مویشیوں کی صحت خدمات فراہم کر رہے ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محکمہ مویشی وبھیڑ پالن نے فٹ اینڈ ماؤتھ بیماری، گانٹھ کی جلد بیماری، ہیمرجک سیپٹیسیمیا اور بلیک کوارٹر کے خلاف صد فیصد کوریج کے ساتھ مفت ویکسی نیشن مہم بھی چلائی ہے۔اِس کے علاوہ مویشیوں کے مالکان میں مفت کیڑے مار اَدویات بھی تقسیم کی گئی ہیں تاکہ آفات کے بعد بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔










