جموں// نائب وزیراعلیٰ سریندرکمار چودھری نے کہا کہ جموں میں نیا جدید اسمبلی کمپلیکس اکتوبر 2027 تک کام کرنے کے لئے تیار ہو جائے گا۔اُنہوں نے اِس بات کا اِظہار زیرِ تعمیر اسمبلی کمپلیکس کے کاموں کی پیش رفت کا معائینہ کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ کیا اور متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ باقی ماندہ کام کو تیز کریں تاکہ بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کثیر المنزلہ قانون ساز اسمبلی کمپلیکس کو جدید ترین سہولیات، بہتر فعالیت اور عوامی سہولیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ عمارت کی منصوبہ بندی اس انداز سے کی گئی ہے کہ انتظامی کارکردگی، عوامی رسائی، میڈیا کی سہولیت، طبی اِمداد اور مناسب پارکنگ کی سہولیات کو مربوط کیا جا سکے تاکہ اِدارہ جاتی نظام مضبوط ہو اور ایوان کی کارروائی کے ہموار اِنعقاد کو یقینی بنایا جاسکے ۔اُنہوں نے ٹائم لائنز پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا،’’یہ منصوبہ اکتوبر 2027 تک مکمل ہونے کی توقع ہے اور ہمیں اُمید ہے کہ بجٹ سیشن 2028 نئے ایوان میں منعقد کیا جائے گا۔‘‘نائب وزیرا علیٰ نے اَفسران اور ٹھیکیدار کو خبردار کیا کہ منصوبے کی تکمیل کے مقررہ وقت میں کسی قسم کی سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اُنہوں نے مزید کہاکہ اِس میں تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔اُنہوں نے معائینے کے دوران اسمبلی ہال، پریس اورگیسٹ گیلریوں، تہہ خانوں اور معزز شخصیات کے لئے مختص دفاتر کا دورہ کیا۔ اُنہوں نے نشستوں کی گنجائش، میٹنگ ہال کی سہولیات اور دیگر اِنتظامات کا جائزہ لیا جو قانون ساز اسمبلی کے مؤثر کام کے لئے ضروری ہیں۔ اُنہوں نے ہدایت دی کہ ایوان، مہمان گیلری، سپیکر گیلری اور پریس گیلری میں نشستوں کی گنجائش مستقبل کی ضروریات بشمول ممکنہ حلقہ بندی، کو مدِنظر رکھتے ہوئے بڑھائی جائے۔
چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈِی جموں اِنجینئر راجیش کمار اگستم نے نائب وزیراعلیٰ کو پیش رفت اور سہولیات کے بارے میںجانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ نچلا تہہ خانہ پارکنگ اور ضروری خدمات کے لئے مختص کیا گیا ہے۔ بالائی تہہ خانے میں دو الگ الگ کینٹین ، 10 بستروں پر مشتمل ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹر، الائیڈ سروسز بلاک اور اِضافی پارکنگ کی جگہ ہوگی۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ گراؤنڈ فلور پر مرکزی اسمبلی ہال ہے جس میں 130 اَفراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اِس میںسپیکر کا دفترورہائش، محکمہ قانون و پارلیمانی امور کے آفیسرکا دفتر ورہائش اور سیکرٹری قانون ساز اسمبلی کا دفتر بھی شامل ہیں۔پہلی منزل میں وسیع پریس اوروزٹیرز گیلری ہے جس میںزائد اَز 450 اَفراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اِس کے علاوہ ایک کمیٹی روم اور قانون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ کے تمام متعلقہ دفاتر بھی اسی منزل پر ہوں گے۔ معائینے کے دوران چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈِی جموں، متعلقہ سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر، ایگزیکٹیو اِنجینئر اور دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔










