سول سیکرٹریٹ جموں میں مختلف وفود سے ملاقات کی
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے سول سیکرٹریٹ جموں میں مختلف عوامی اور اِنفرادی وفود سے ملاقات کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں عوام پر مبنی حکمرانی کی ضرورت پر زور دیا۔دورانِ بات چیت اُنہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور تمام سرکاری دفاتر میں فوری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام کوششیں کی جا رہی ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنے والے وفود کا تعلق کشتواڑ، راجوری، جموں، کٹھوعہ، بارہمولہ، سری نگر، گاندربل اور جموں و کشمیر کے دیگر اَضلاع سے تھا۔ اُنہوں نے سڑکوں، پُلوں اور نالیوں کی تعمیر، کان کنی سے متعلق امور، محنت کش طبقے کے مسائل، ملازمین سے متعلق مسائل اور دیگر عوامی مطالبات اُٹھائے۔اُنہوں نے وفود کو یقین دِلایا کہ تمام حقیقی مسائل کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا جائے گا تاکہ اُن کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔نائب وزیرا علیٰ نے کہا کہ ہمارا ایجنڈشکایات کا بروقت اَزالہ اور لوگوں کو بلا رکاوٹ ریلیف یقینی بنانا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اَفسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوامی مسائل کی ہمدردانہ سماعت کریں اور ان کے بروقت حل کے لئے مثبت رویہ اِختیار کریں۔










