جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے اتوار کو لوگوںپر زور دیا کہ وہ معاشرتی تبدیلی کے لئے اپنی طاقت کو بروئے کار لائیں اور ایک خوشحال ہندوستان کے لئے خاکہ تیار کریں جو دُنیا کے لئے رہنمائی کا باعث بنے۔لیفٹیننٹ گورنر سنت کبیر کے 508ویں نروان دیوس کے موقعہ پر منعقدہ یادگاری تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام شیرو منی سنت کبیر بھون نے چک اوتارا بشناہ جموں میں کیا تھا۔اُنہوںنے کہا کہ سنت کبیر کی ابدی دانش اور ان کا پیغام معاشرے کے لئے مشعل راہ ہے جو ہماری یکجہتی کو مزید مضبوط بناتا ہے اور قوم کے لئے روحانی اور مادی کامیابیوں کی راہ ہموار کرتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سنت کبیر کی میراث اور فلسفہ آج پہلے سے زیادہ روشن ہو کر معاشرے کی باطنی روح کو بیدار کر رہا ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ہندوستان کی سب سے بڑی طاقت ٹیکنالوجی اور روایت، مائیکروچپ اور منتر دونوں پر مہارت حاصل کرنا ہے۔ ہماری قدیم جڑیں اور ڈیجیٹل شاخیں، جدید آلات اور قدیم دانشوروں کی لازوال اقدار 21ویں صدی کی کامیابی اور خوشحالی کے لئے بہترین خاکہ ہیں۔‘‘اُنہوں نے کہا ،’’ ہندوستان اَپنی عظیم صوفیانہ روایت اور لازوال اقدار کے ذریعے دنیا کو امن اور خوشحالی کی طرف رہنمائی کرنے کے لئے آگے بڑھ رہا ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے اِس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کا لازوال منتر ’’واسودھائیو کٹم بکم یعنی دنیا ایک کنبہ ہے ‘‘آج بے مثال اہمیت رکھتا ہے۔اُنہوں نے کہا،’’جیسے جیسے عالمی سطح پر اقتصادی اور تزویراتی میں گہرے ہوتے جارہے ہیں ،ہندوستان کی لازوال حکمت ایک ایسا ویژن پیش کرتی ہے جہاں اتحاد، امن اور خوشی عالمی طرزِ زندگی بن جاتی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ معاشی فرق اور سماجی تقسیم کو ختم کرنے، شمولیت اور آئینی اقدار کو اَپنانے کے لئے اپنی مشترکہ ذمہ داری ادا کریں تاکہ حقیقی ہم آہنگی قائم ہو سکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مطالبات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت جموںوکشمیر میں ترقی میں ریزرویشن کے مسائل کو حل کرنے اور سنت کبیر جینتی کے موقعہ پر گزیٹیڈ چھٹی دینے کے لئے پُرعزم ہے۔اِس موقعہ پر ممبر قانون ساز اسمبلی بشناہ ڈاکٹر راجیو بھگت،چیئرمین شیرومنی سنت کبیر بھون فقیر چند بھگت، چیئرمین جموں بیسڈ ریزروڈ کیٹگری ایمپلائز ایسو سی ایشن وپن کمار، سینئر افسران، معزز شہری اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔










