جموں// وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین، ٹرانسپورٹ، امورِ نوجوان و کھیل کود، آئی ٹی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی محکمہ جات ستیش شرما نے ضلع جموں کے مختلف مقامات پر مہا شیو راتری کی تقریبات میں شرکت کی جبکہ مرکزی تقریب چھمب حلقہ کے بٹل گاؤں میں منعقد ہوئی۔وزیر موصوف نے اس موقعہ پر عقیدت مندوں کے ساتھ بھگتی میں شرکت کی اور مقامی کمیونٹی کے لوگوںسے ملاقات کی۔ اُنہوں نے تہوار منانے والے تمام لوگوں کو دلی مُبارک بادپیش کی اور جموں و کشمیر میں امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے لئے دُعا کی۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے خطاب کرتے ہوئے مہا شیو راتری کی روحانی اور ثقافتی اہمیت کو اُجاگر کیا اور اسے ایک ایسا تہوار قرار دیا جو عقیدت کو مضبوط کرتا ہے، اتحاد کو فروغ دیتا ہے اور بھگتی اور ہمدردی کے اقدار کو تقویت دیتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسے مواقع خطے کی امیر ثقافتی ورثے اور مشترکہ روایات کی یاد دہانی کا باعث بنتے ہیں۔ستیش شرما نے تقریبات میں حصہ لینے والے لوگوں کے جوش و خروش اور عقیدت کو بھی سراہا۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار ہر گھر میں خوشی، فلاح و بہبود اور نئی روحانی جذبہ کی نوید لے آئے۔اُنہوںنے معاشرے کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور جموں و کشمیر میں دیرپا امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔










