جموں// قانون ساز اسمبلی نے سابق رُکن اسمبلی اور وزیر قمر علی آخون کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا جو آج اِنتقال کر گئے۔سپیکر عبدالرحیم راتھر نے ایوان کو آگاہ کرتے ہوئے قمر علی آخون کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا اور ان کی وفات کو کرگل کے عوام اور عوام الناس کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دِیا۔سپیکر موصوف نے مرحوم رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اُنہیں ایک متقی اور ہمدرد شخصیت کے طور پر یاد کیا جنہوں نے اَپنی ساری زِندگی عوامی خدمت کے لئے وقف کی۔آخون صاحب 15 ؍اگست 1957 ء سنگرھ کرگل میں پیدا ہوئے جنہوں نے خطے کی ایک اہم آواز اُبھر کر لوگوں کی اُمنگوں اور خواہشات کو خلوص، عاجزی اور ثابت قدمی کے ساتھ پیش کیا۔سپیکر عبدالرحیم راتھرنے یاد دِلایا کہ قمر علی آخون پہلی بار 1987 ء میں جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے۔ 1996 ء میں دوبارہ منتخب ہونے کے بعد انہیں وزیر مملکت برائے ورکس وبجلی کے طور پر شامل کیا گیا اور اُنہوں نے خطے میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور اہم خدمات کی بہتری کے لئے انتھک محنت کی۔اُنہوں نے گراس روٹ گورننس میں اُن کے مسلسل تعاون کو اُجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ 2002 ء میں انہیں بغیر مقابلے کے کونسلر منتخب کیا گیا اور بعدمیں لدا خ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی) کرگل کے چیئرمین بنے۔اُنہوں نے کرگل میں ترقیاتی اَقدامات کو آگے بڑھانے اور مقامی خود حکمرانی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار اَدا کیا۔سال2008 ء میں وہ ایک بار پھر قانون ساز اسمبلی کے رُکن منتخب ہوئے اور انہیں وزیر برائے اَمورِ صارفین ، عوامی تقسیم اور ٹرانسپورٹ کے عہدے پر مقرر کیا گیا۔ ان شعبوں میں وہ اَپنی اِنتظامی مہارت، رسائی اور لوگوں پر مرکوز نقطہ نظر کی وجہ سے جانے جاتے تھے ۔
سپیکر موصوف نے آخون کو ایک دُور اندیش اور بلیغ سیاستدان قرار دیا جن کی ذہانت، فہم و فراست اور قائل کرنے کی صلاحیتوں نے انہیں تمام سیاسی جماعتوں میں عزت بخشی۔ انہیں دیانت داری اور ایمانداری کے حوالے سے بڑے پیمانے پر عزت دی جاتی تھی جس نے سادہ زِندگی گزاری، نچلی سطح سے گہرا تعلق رہا اور ذاتی دولت یا جائیداد جمع کئے بغیر لوگوں کی بے لوث خدمت کی۔اُنہوں نے اُن کی وفات کو ذاتی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ لداخ نے اپنے ایک انتہائی محنتی بیٹے کو کھو دیا ہے جس کی عوامی خدمت اور علاقائی ترقی کے لئے کی جانے والی کوششوں کو آنے والی نسلیں ہمیشہ یاد رکھیں گی۔سپیکر عبدالر حیم راتھر نے سوگوار کنبے سے دلی اِظہار تعزیت کی اور مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی۔بعد میں اراکین ایوان مرحوم رہنما کے احترام میں کھڑے ہوئے اور قمر علی آخون کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اِختیار کی۔










