جموں//وزیر برائے زراعت جاوید احمد ڈار نے ایوان کو مطلع کیا کہ حکومت جموں و کشمیر بھر میں نئے سیاحتی علاقوں کی نشاندہی کرنے کے حوالے سے ایک تجویز کا جائزہ لے رہی ہے جن میں بنی حلقہ انتخاب کے کئی نمایاں مقامات جیسے بنی ٹاؤن ، لووانگ اور سرتھل شامل ہیں ۔ وزیرموصوف نے یہ بات وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر رامیشور سنگھ کی طرف سے اُٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی ۔ اُنہوں نے ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت صوبہ جموں میں سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کے لئے پُر عزم ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کلیدی سیاحتی مقامات پر ریسٹ ہاؤسز اور ٹورسٹ ہٹس قائم کرنے کی کوششیں کی جائیں گی تا کہ سیاحوں کی سہولیات بہتر کی جائیں اور دیرپا سیاحت کو فروغ دیا جائے ۔ وزیر نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی ہدایت پر 8 ؍فروری 2026 ء کو بنی میں ایک ونٹر کارنیول منعقد کیا گیا تھا جو حکومت کی اس وسیع تر اقدام کا حصہ تھا جس کا مقصد علاقے میں سیاحت کی ترقی کو فروغ دینا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ تقریب علاقے کی قدرتی خوبصورتی ، ثقافتی ورثے اور سیاحتی صلاحیت کو اُجاگر کرنے کیلئے منعقد کی گئی تھی ۔










