لیفٹیننٹ گورنر نے شری اَمرناتھ جی شرائین بورڈ کی 50 ویں میٹنگ کی صدارت کی

لیفٹیننٹ گورنر نے شری اَمرناتھ جی شرائین بورڈ کی 50 ویں میٹنگ کی صدارت کی

رجسٹرڈ یاتریوں، خدمت فراہم کرنے والوں، اہلکاروں، سیزنل کارکنوں اور پجاریوں کیلئے حادثاتی اِنشورنس کوریج 5 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دی گئی ہے

جموں//شری امرناتھ جی شرائین بورڈ (ایس اے ایس بی ) نے اَپنی 50ویں میٹنگ کے دوران آج ’بابا برفانی‘ کے لئے وقف لیزر اور ساؤنڈ شو کے قیام کی منظوری دی جو سری نگر اور جموں دونوں مقامات پر منعقد کیا جائے گا۔ یہ شو یونین ٹیریٹری کی بھرپور روحانی تاریخ کو اُجاگر کرتے ہوئے ایک ثقافتی علامت کے طور پر بھی کام کرے گا۔بورڈ نے یہ بھی اعلان کیا کہ 2026 ء کی یاترا کے لئے پرتھم پوجا 29 ؍جون 2026 ء کو جیشتھا پورنیما کے موقعہ کی جائے گی۔ یاترا کے باقاعدہ آغاز کی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے میٹنگ کی صدارت کی جو شری امرناتھ جی شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔بورڈ نے آنے والی 2026 یاترا کے لئے عقیدت مندوں کے روحانی تجربے اور سہولیت کو مزید بہتر بنانے کے لئے مختلف اہم اقدامات اور تجاویز کی منظوری دی۔شری امرناتھ جی شرائین بورڈ نے رجسٹرڈ یاتریوں،خدمت فراہم کرنے والوں، افسران، سیزنل کارکنوں اور پجاریوں کے لئے حادثاتی اِنشورنس کوریج 5 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کرنے کا فیصلہ کیا۔بورڈ نے ایس اے ایس بی ملازمین کے لئے مختلف فلاحی اقدامات پر بھی غوروخوض کیا اور انہیں منظوری دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے حکام کوہدایت دی کہ وہ یاترا کے دوران مناسب بیت الخلا ٔسہولیات کی تنصیب کے لئے مقامات کی نشاندہی کریں۔اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ یاتریوں، خدمت فراہم کرنے والوں اور سیکورٹی اہلکاروں کے لئے راستوں پر شیلٹر شیڈز اور بارش سے بچاؤ کے انتظامات کئے جائیں۔میٹنگ میں جاری منصوبوں، یاترا سے متعلق معلومات کی ترسیل، گھوڑوں کے لئے انشورنس کوریج، آن لائن اور پری پیڈ خدمات کی توسیع، یاتریوں کی رجسٹریشن، آفات سے نمٹنے کی تیاری اور تخفیفی اقدامات، طبی سہولیات کی مناسب فراہمی، لنگر اور رضاکارانہ خدمات، ٹیلی کمیونی کیشن، گرڈ کنکٹویٹی، موسمیاتی پیش گوئی کے نظام، سیکورٹی اور نگرانی، خدمات کے حصول کے لئے ڈیجیٹل پری پیڈ نظام، دونوں راستوں پر حساس مقامات پر کریش بیریئرز اور حفاظتی ریلنگ کی تنصیب اور مختلف محکموں کی جانب سے جاری کاموں کی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔بارڈر روڈز آرگنائزیشن کی جانب سے یاترا کے راستوں کی مینی ٹیننس، بحالی اور ترقی کے جائزے کے دوران بورڈ کو بتایا گیا کہ بی آر او نے بال تل اور پہلگام دونوں راستوں پر آرام دہ ٹریک کی چوڑائی حاصل کرتے ہوئے نمایاں پیش رفت درج کی ہے۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر شری امرناتھ جی شرائین بورڈ ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری نے آنے والی یاترا کے انتظامات کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی۔میٹنگ میں شرائین بورڈ کے ارکان سوامی اودھیشانند گری جی مہاراج، پروفیسر کیلاش مہرا سادھو، کے کے شرما، کے این رائے، مکیش گرگ، ڈاکٹر شیلش رینہ، ڈاکٹر سمریدھی بندرو، سریش ہورے اور پروفیسر وشوامورتی شاستری نے شرکت کی۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو ،ایڈیشنل چیف جل شکتی محکمہ سیکرٹری شالین کابرا،ایڈیشنل چیف سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ محکمہ شیلندر کمار، ڈِی جی پی نلین پربھات، پرنسپل سیکرٹری داخلہ چندراکر بھارتی، پرنسپل سیکرٹری مالیات سنتوش دی ویدیا، اِنتظامی سیکرٹریز، صوبائی کمشنر جموں، آئی جی پیز،ضلع ترقیاتی کمشنروں (گاندربل اور اننت ناگ)، ایڈیشنل سی ای او ایس اے ایس بی اور یو ٹی اِنتظامیہ، بی آر او اور شرائین بورڈ کے سینئر اَفسران نے بھی لوک بھون جموں میں ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔