ایس ایم وِی ڈِی ایس بی نے قریبی علاقوں کے نوجوانوں کیلئے مفت این اِی اِی ٹی تیاری فراہم کرنے والے کوچنگ مراکز کے قیام کی بھی منظوری دی ہے
جموں//شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ نے منعقدہ اپنی میٹنگ میں متعدد اہم اور دور رس اثرات کے حامل فیصلے کئے ہیںجن کا مقصد ماتا کے پوتر شرائین اور آس پاس کے پورے خطے کو مکمل طور پر تبدیل کر کے ہندوستان کی سرکردہ اور نہایت متحرک روحانی منزل بنانا ہے تاکہ عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کی جا سکے۔ میٹنگ کی صدارت لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے کی جو شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔شرائین بورڈ نے تین اہم اقدامات ماں شکتی کے روحانی ورثے کیلئے ایک بین الاقوامی میوزیم کا قیام، عالمی یاتری مقامات کی طرز پر ایک ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو اور ماتا ویشنو دیوی شرائین پر ایک دستاویزی فلم کی تیاری کی منظوری دی ہے ۔شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ نے ایک اور اہم اقدام کے تحت خالی اسامیوں کو پُرکرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے بھرتی کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔ایس ایم وِی ڈِی ایس بی نے قریبی علاقوں کے نوجوانوں کے لئے مفت این اِی اِی ٹی تیاری فراہم کرنے والے کوچنگ مراکز کے قیام کی بھی منظوری دی ہے۔شرائین بورڈ نے نیشنل گرین ٹریبونل کی ہدایات کے مطابق ماتا ویشنو دیوی یاترا ٹریک پر خدمات کرنے والے افراد کی بازآبادکاری کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے اور مرحلہ وارعملانے کی بھی منظوری دی۔ ایک اہم اقدام کے تحت یاتریوں کی تعداد میں اضافے، یاترا کے مجموعی تجربے کو بہتر بنانے اور اِس ضمن میں سفارشات پیش کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ نے علاقائی معیشت کو فروغ دینے کے لئے سیلف ہیلپ گروپوں ، خواتین اور نوجوان مقامی کاروباریوں سے خریداری کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ نے یہ بھی طے کیا ہے کہ ماتا کی نذریں مقامی سطح پر حاصل کی جائیں گی تاکہ براہِ راست فنڈز مقامی کمیونٹی کی ترقی میں صرف ہوں۔چوں کہ ماتا کا مسکن کٹرا شہر کو عالمی نقشے پر رکھتا ہے، اس لیے بورڈ نے شہر کی تبدیلی کے لیے براہ راست تعاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’بورڈ کا عزم ہے کہ کٹرا کو صاف ستھرا، متحرک اور جدید بنیادی ڈھانچے سے آراستہ شہر بنایا جائے تاکہ یہاں کے مکینوں اور لاکھوں یاتریوں کو بہترین سہولیات میسر آ سکیں۔‘‘شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ نے جموں خطے میں کھیلوں کی ترقی کی قیادت کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد مستقبل کے چیمپئنز کی تیاری، نوجوانوں کی صحت کا تحفظ اور جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری کو روحانی اہمیت کے ساتھ ساتھ ایک قومی سپورٹس پاور ہاؤس بنانا ہے۔
بورڈ نے مذہبی خدمات انجام دینے والے پجاریوں کے لئے خصوصی تربیت پر بھی زور دیا۔بورڈ نے پچھلی میٹنگ کے بعد سے اُٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا اور بورڈ کے امور کو مضبوط بنانے اور یاتریوں کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے 25 اہم ایجنڈا نکات پر فیصلے کئے گئے۔بورڈ نے یاتریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے اِنشورنس کوریج کو فی یاتری 5 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کرنے کی منظوری دی۔ اِس کے علاوہ ایشین ہیرٹیج فاؤنڈیشن کی مشاورت سے کٹرا کے علاقے نٹالی میں ماتا ویشنو دیوی جی کے لئے ایک بین الاقوامی شکتّی میوزیم کے قیام کے ابتدائی تصور کی بھی توثیق کی گئی۔ یہ مجوزہ شکتّی میوزیم اپنی نوعیت کا پہلا ادارہ ہوگا اور مذہبی، تعلیمی و ثقافتی مرکز کے طور پر خدمات انجام دے گا۔ جدید لائٹ اینڈ ساؤنڈ شوز روایت اور اِختراع کے امتزاج کے ذریعے اساطیری داستانوں کو زندہ کریں گے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے بورڈ سے کہا کہ وہ ٹھوس تجاویز پیش کرے تاکہ اس منصوبے کو آئندہ چند ماہ میں شروع کر کے دو برس کے اندر مکمل کیا جا سکے۔میٹنگ میں بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا جن میں بھون میں ایگزٹ ٹریک کی تعمیر، نیا ویشنو دیوی بھون، سنجی چھت سے بھون تک یاترا ٹریک کی توسیع، ڈھلوانوں کو مستحکم کرنے کے کام، کٹرا میں شری شنکرآچاریہ جی مندر اور متعلقہ سہولیات اور جموں کے چیتنیا آشرم میں دیویانگ جن کے لئے سکول کی تعمیر شامل ہیں۔بورڈ نے معیار اور حفاظت کے اعلیٰ ترین معیارات کو یقینی بناتے ہوئے ٹائم لائنز پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دِی۔
بورڈ نے وِلیج ہٹ میں نئے تعمیر شدہ ہیلی پیڈ کے حوالے سے منظوری دی کہ ایک نظرثانی شدہ مفاہمت نامے پر عمل درآمد کے بعد ایس ایم وی ڈی ایس بی شرئین ایکٹ کے تحت شری شیو کھوری شرائین بورڈ کو یاتری بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور اَپ گریڈیشن کے لئے یک وقتی مالی گرانٹ فراہم کرے گا۔ اِس بات کی بھی منظوری دی گئی کہ یاتریوں کی سہولیت کے لئے دونوں شرائین کے لئے ہیلی خدمات ایک ہی ہیلی پیڈ سے چلائی جائیں گی۔بورڈ نے اگست تا ستمبر 2025 ء کی شدید بارشوں سے متاثرہ ریاسی اور اودھمپور اضلاع کے 15 سکولوں کی محض پانچ ماہ میں مرمت اور بحالی کے فلاحی اقدام کو سراہا۔بورڈ نے بھون میں سادھنا ککش (مراقبہ ہال) کے قیام کے اقدام کی سراہنا کرتے ہوئے اسے یاتریوں کی روحانی فلاح و بہبود میں اضافہ کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا۔ اِس کے علاوہ ایس ایم وی ڈی چیئر ٹیبل سوسائٹی کے تحت چلنے والے اداروںجیسے گوروکل، ہسپتال، سپورٹس کمپلیکس اور کالج آف نرسنگ کے لئے گرانٹ اِن ایڈ کی منظوری بھی دی گئی۔بورڈ نے ایس ایم وی ڈی ایس بی کی طرف سے گرین اقدامات کی ستائش کی اور 2026-27 کے لئے جامع سالانہ گرین پلان کی منظوری دی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو ہدایت دی کہ ماحولیاتی دیرپائی کے عزم کو مزید مضبوط کیا جائے بالخصوص صاف اور گرین کٹرا شہر اور اس کے گرد و نواح کے فروغ پر توجہ دی جائے۔میٹنگ کے موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے یاتریوں کی سہولیت اور روحانی تجربے کو بہتر بنانے کے لئے متعدد منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اِن میں ریاسی ضلع میں تین نئے مندروں کی تعمیر، جموں ضلع میں 1.21 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے دو قدیم مندروں کی بحالی، بھیرون جی مندر کمپلیکس کی از سر نو ترقی اور بھون و بھیرون جی میں عملے کے لئے رہائشی عمارتوں کی تعمیر شامل ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کٹرا میں نئی تعمیر شدہ کاٹیجز کا افتتاح بھی کیا اور خشک میوہ جات، پوتر پنڈیوں کی کندہ شدہ سکہ اور پوتر مولی (کلاوا) پر مشتمل بہتر پاؤچ پرساد کا اجرا کیاجو یاتریوں میں مفت تقسیم کیا جائے گا۔اِس سے قبل چیف ایگزیکٹیو آفیسرایس ایم وی ڈی ایس بی نے بورڈ کی سرگرمیوں اور گزشتہ میٹنگوں میںکئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی پیش رفت سے متعلق تفصیلی جانکاری دی۔میٹنگ میں بورڈ کے تمام اراکین نے شرکت کی جن میں مہامندلیشور شری سوامی وشویشورانند گری جی مہاراج، شری بالیشور رائے، ڈاکٹر اشوک بھان، سدھا مورتی، گنجن رانا، ڈاکٹر کے کے تلوار، شری کل بھوشن آہوجا، للت بھسین اورسریش کمار شرما شامل تھے۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایس ایم وی ڈی ایس بی سچن کمار واشیا بھی موجود تھے۔










