کارکردگی کا جائزہ لیااور زرعی بنیادی ڈھانچے مضبوط کرنے کیلئے ہدایات دیں
جموں//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی، پنچایتی راج، کوآپریٹیو اور انتخابات محکمہ جات جاوید احمد دار نے آج سول سیکرٹریٹ جموں میں جموں و کشمیر ایگرو اِنڈسٹریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (جے کے اے آئی ڈِی سی ایل ) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 70 ویں میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں فائنانشل کمشنر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری شیلندر کمار،منیجنگ ڈائریکٹر جے کے اے آئی ڈِی سی ایل، زرعی اور باغبانی محکموں (جموں/کشمیر) کے ڈائریکٹروں اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔منیجنگ ڈائریکٹر نے 2023-24 کے لئے کارپوریشن کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔ بورڈ نے 2026-27 کے لئے تین بڑے منصوبے منظور کئے جن میں سانبہ میں ایلو ویرا پروسسنگ اور ویلیو ایڈیشن یونٹ کے قیام اور بڑی براہمنا اور کھنموہ میں جدید گوداموں کی تعمیر شامل ہے۔ سینٹرز آف ایکسی لنس اور متعلقہ بنیادی ڈھانچے کے قیام اور مؤثر اِستعمال کے لئے جے کے اے آئی ڈِی سی ایل اور زرعی و باغبانی محکموں کے درمیان تعاون کو بھی منظوری دی گئی۔وزیر نے جاری بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی جلد تکمیل کی ہدایت دی اور گوداموں، کولڈ چینز اور کنٹرولڈ اٹموسفیئر سٹوریج سہولیات کے مؤثر استعمال پر زور دیا تاکہ بعد از فصل نقصان کم کیا جا سکے۔ اُنہوں نے لائن محکموں کے ساتھ مضبوط ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سینٹرز آف ایکسی لنس کو مکمل فعال اور نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت دی اور کسانوں کی آمدنی بڑھانے اور جموں و کشمیر کی زرعی معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے ویلیو ایڈیشن، پروسسنگ اور زرعی کاروبار کی ترویج پر زور دیا۔










