سپیکر قانون ساز اسمبلی نے آئندہ بجٹ سیشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا

سپیکر قانون ساز اسمبلی نے آئندہ بجٹ سیشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا

جموں//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ایڈووکیٹ عبد الرحیم راتھرنے 2,فروری 2025 ء سے شروع ہونے والے اسمبلی کے آئندہ بجٹ سیشن کے احسن اور کامیاب اِنعقاد کے لئے فول پروف سیکورٹی اِنتظامات اور دیگر اِنتظامی تیاریوں کو یقینی بنانے پر زور دیا۔اُنہوں نے یہ ہدایات قانون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے دیںجس میں جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ بجٹ سیشن کے اِنتظامات کا جائزہ لیا گیا۔دورانِ میٹنگ سپیکرموصوف نے بجٹ سیشن کے لئے کئے جا رہے اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے مضبوط سیکورٹی اِنتظامات اور مؤثر لاجسٹک تیاریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیشن کے اَحسن اِنعقاد کے لئے تمام شراکت داروں کے درمیان قریبی تال میل ناگزیر ہے۔ اُنہوں نے کہا ،’’اسمبلی سیشن کے کامیاب اِنعقاد میں تمام محکموں کا اہم کردار ہے اور اِس کے لئے محکموں کو اسمبلی سیکرٹریٹ کے ساتھ مکمل ہم آہنگی و تعاون برقرار رکھنا ہوگا۔‘‘سپیکر عبدالرحیم راتھر نے سیکورٹی اِنتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے آئی جی پی سیکورٹی کو ہدایت دی کہ اسمبلی سیکرٹریٹ کے اندر اور اطراف میں فول پروف سیکورٹی اِنتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ اراکین اسمبلی، عملہ، میڈیا نمائندگان اور دیگر متعلقہ اَفسران کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اُنہوں نے سیکورٹی اِداروں کے درمیان قریبی تال میل، رَسائی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اورپورے سیشن کے دوران چوکس رہنے کی ہدایت دِی۔ اُنہوںنے آئی جی پی کو سیشن کے آغاز سے قبل اسمبلی سیکرٹریٹ کی مکمل سینی ٹائزیشن اور بہتر نگرانی و سیکورٹی کے لئے ایک مشترکہ کنٹرول روم قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
سپیکر موصوف نے صفائی، بجلی کی فراہمی، پینے کے پانی، فائر سیفٹی، طبی سہولیات اور ٹریفک اِنتظامات جیسے دیگر اہم امور کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ سیشن کے دوران پینے کے پانی، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے محکمہ صحت کے اَفسران کو سیشن کے دوران ایمبولینسوں، ڈاکٹروں، طبی سامان اور دیگر سہولیات کی مناسب دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے ڈائریکٹر اسٹیٹس کو ہدایت دی کہ سیشن کے آغاز سے کم از کم ایک ہفتہ قبل تزئین و مرمت اور دیگر متعلقہ تمام کام مکمل کئے جائیں۔ اُنہوں نے ایوان میں صوتی نظام (ساونڈ سسٹم) کی بروقت مرمت اور تمام لاجسٹک امور پیشگی طور پر مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ ایوان کی کارروائی احسن طریقے سے چل سکے۔سپیکر موصوف نے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے افسران کو بھی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اندر اور اطراف میں فائر کنٹرول اقدامات کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت دی۔دورانِ میٹنگ اُنہوں نے کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی کو ہدایت دی کہ تمام محکموں میں نوڈل افسران مقرر کئے جائیں تاکہ اراکین اسمبلی کی جانب سے پیش کئے جانے والے سوالات کے جوابات بروقت جمع کئے جا سکیں۔ اُنہوں نے کمشنر سیکرٹری کو سول سیکرٹریٹ کے اَفسران کے پاسز محدود کرنے اور صرف انہی افسران کو پاس جاری کرنے کی ہدایت دی جن کی سیشن کے دوران موجودگی ضروری ہو۔سپیکر قانون ساز اسمبلی نے میڈیا کوریج اور اطلاعاتی امور کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات پورے سیشن کے دوران ایک اہم کردار ادا کرتا ہے اور حکومت او رعوام کے درمیان پُل کا کام کرتا ہے۔ اُنہوں نے ڈائریکٹر اِنفارمیشن کو ہدایت دی کہ سیشن کی کوریج کے لئے مدعو کئے جانے والے میڈیا نمائندگان کی فہرست بروقت حتمی بنانے کے لئے اسمبلی سیکرٹریٹ کے ساتھ قریبی رابطہ قائم رکھیں۔اُنہوں نے ڈائریکٹر انفارمیشن کو میڈیا نمائندگان کے لئے پاسز کے بروقت اِجرأ اور دیگر اِنتظامات اسمبلی سیکرٹری کے ساتھ تال میل سے یقینی بنانے کی بھی ہدایت دِی۔ اُنہوں نے ایوان میں پبلک ایڈریس سسٹم کی بروقت تنصیب کی ہدایت بھی دی۔
سپیکر موصوف نے بجٹ سیشن کے دوران نظم و ضبط اور وقار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ اَپنی ذِمہ داریاں انتہائی پیشہ ورانہ انداز اور جوابدہی کے ساتھ انجام دیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بجٹ سیشن ایوان کے اہم ترین سیشنوںمیں سے ایک ہے اور اس میں قانون سازی کے اعلیٰ ترین معیار کی عکاسی ہونی چاہیے۔اُنہوں نے تمام اَفسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ کسی بھی ہنگامی یا غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لئے متبادل اور ہنگامی منصوبے بھی تیار رکھے جائیں۔اِس میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی ایم راجو،صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، سیکرٹری لأ اَچل سیٹھی، آئی جی پی سیکورٹی سوجیت کمار، کمشنر جے ایم سی دیونش یادو،ضلع ترقیاتی کمشنر جموں راکیش منہاس، ڈائریکٹر اِنفارمیشن نتیش راجورا، ڈَی آئی جی جموں۔کٹھوعہ۔سانبہ رینج شیو کمار شرما، ایس ایس پی سول سیکرٹریٹ سجاد خالق بٹ، ایس ایس پی سیکورٹی جموں، ایس ایس پی ٹریفک جموں سٹی، ڈائریکٹرمہمان و نوازی و خاطر تواضع محکمہ، ڈائریکٹر اسٹیٹس، ڈائریکٹر آیوش، جنرل منیجر گورنمنٹ پریس جموں، صحت، جل شکتی، پی ڈِی ڈِی، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے سینئر اَفسران کے علاوہ سیکرٹری قانون ساز اسمبلی منوج کمار پنڈت اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔