بھارتی بحریہ کے خصوصی میڈیکل کیمپ سے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا خطاب
سرینگر/یو این ایس//وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ حکومت ہند ملک کے ہر شہری کو معیاری صحت سہولیات فراہم کرنے کے لیے پْرعزم ہے، بالخصوص وہ عوام جو دور دراز اور جزیرہ نما علاقوں میں رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی ترجیح یہی ہے کہ ترقی کا فائدہ ملک کے آخری فرد تک پہنچے۔یو این ایس کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے یہ بات بھارتی بحریہ کی جانب سے لکشدیپ کے کواراتی میں اندرا گاندھی اسپتال میں منعقد کیے گئے مشترکہ سہ رکنی ملٹی اسپیشلٹی میڈیکل کیمپ سے ورچوئل خطاب کے دوران کہی۔ یہ کیمپ 12 سے 16 جنوری تک جاری رہے گا اور لکشدیپ میں پہلی مرتبہ اس پیمانے پر منعقد کیا گیا ہے۔انہوں نے اس اقدام کو قوم کی تعمیر اور انسانی خدمت میں بھارتی بحریہ کے کردار کی روشن مثال قرار دیا اور کہا کہ اس کیمپ کے ذریعے جدید طبی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچائی گئی ہیں، جن میں ماہر ڈاکٹروں کی خدمات، جدید تشخیص اور آپریشنز شامل ہیں۔وزارت دفاع کے مطابق صرف دو دنوں میں تقریباً 50 افراد کے موتیے کے کامیاب آپریشن کیے جا چکے ہیں، جس سے کئی افراد کی بینائی بحال ہوئی ہے۔ یہ آپریشن دہلی کے آرمی اسپتال کے ماہر ڈاکٹروں نے انجام دیے جبکہ مزید آپریشنز آئندہ دنوں میں متوقع ہیں۔کیمپ کے لیے ملک بھر سے 29 میڈیکل افسران، دو نرسنگ افسران اور 42 پیرا میڈیکل اسٹاف کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ مفت ادویات کی فراہمی، مکمل طبی جانچ اور بروقت علاج کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہییو این ایس کے مطابق ۔کیمپ کا افتتاح بھارتی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام افواج کے درمیان تعاون اور سول و ملٹری اشتراک کی بہترین مثال ہے، جس سے عوامی فلاح و بہبود کو فروغ ملتا ہے۔یو این ایس کے مطابق بھارتی بحریہ لکشدیپ کے پانچ جزیروں — امینی، اینڈروتھ، اگاتی، کواراتی اور منیکوئے — میں اس طرح کے کیمپس منعقد کر رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ آبادی تک صحت سہولیات پہنچ سکیں۔ امینی کے رہائشی 65 سالہ کونی کویا کی کامیاب سرجری کو اس مشن کی علامتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جو تقریباً نابینا ہو چکے تھے اور اب دوبارہ دیکھنے کے قابل ہو گئے ۔










