عدالت نے 90 ہزار روپے جرمانہ اور دو ماہ کی قید کا حکم جاری کیا
سرینگر/یو این ایس// سرینگر کی عدالت نے 6 لاکھ روپے کے چیک باؤنس کیس میں ملزم کو مجرم قرار دیتے ہوئے 90 ہزار روپے اضافی جرمانہ عائد کیا اور دو ماہ کی سادہ قید کی سزا سنائی ہے۔یہ مقدمہ اذان ٹریڈنگ کمپنی، حیدرپورہ کے ذریعے فردوس احمد شاہ کی جانب سے دائر کیا گیا تھا، جس میں مدعا علیہ بلال احمد لون، مدینہ ایلومینیم فابریکیٹرز، کپواڑہ کے مالک تھے۔ یو این ایس کے مطابق شکایت 21 جون 2023 کو’ نگیوشیبل انسٹرومنٹس ایکٹ ‘کی دفعہ 138 اور آئی پی سی کی دفعہ 420 کے تحت دائر کی گئی تھی۔عدالتی ریکارڈ کے مطابق مدعا علیہ نے دو چیک جاری کیے جن کی مجموعی مالیت 6 لاکھ روپے تھی، جو منسوخ ہو گئے۔ کیس کے تقریباً دو سال اور چھ ماہ تاخیر کے پیش نظر عدالت نے 6 فیصد سادہ سالانہ سود کے حساب سے 90 ہزار روپے کا اضافی جرمانہ عائد کیا، جس سے کل واجب الادا رقم 6,90,000 روپے ہوگئی۔عدالت نے حکم دیا کہ اگر ملزم رقم ادا کرنے میں ناکام رہا تو اضافی دو ماہ کی سادہ قید بھگتنے ہوں گی۔ عدالت نے یہ فیصلہ 31 دسمبر 2025 کو کھلی عدالت میں جاری کیا۔قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ حکم چیک باؤنس کے خلاف ایک مضبوط پیغام دیتا ہے اور تجارتی لین دین میں احتساب اور اعتماد کو فروغ دیتا ہے۔










