جموں//وزیر برائے خوراک ، سول سپلائیز اینڈکنزیومر افئیرز ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ٹرانسپورٹ ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مسٹر ستیش شرما نے آج جموں کے پنچ مکھی ہنو مان مندر جیول چوک سے جے کے آر ٹی سی جموں ۔ ہری دوار یاتری بس سروس کو روانہ کیا ۔ یہ اقدام جموں و کشمیر میں مذہبی سیاحت اور پبلک ٹرانسپورٹ کی رابطہ کاری کو مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ یہ نئی سروس جموں ( شہر مندر ) اور ہری دوار ( گنگا کے مقدس دروازے ) کے درمیان روحانی اور ثقافتی پُل کا کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیرسے ہر سال لاکھوں عقیدت مند گنگا آرتی ، شرادھ ، پنڈ دان اور دیگر مقدس رسومات ادا کرنے کیلئے ہری دوار جاتے ہیں اور یہ براہ راست سروس ان کے سفر کو محفوظ ، آرام دہ اور سستا بنائے گی ۔ وزیر نے جموں یوتری بھون ٹرسٹ ، جے کے آر ٹی سی منیجمنٹ اور عملے ، اور مذہبی اداروں کا شکریہ ادا کیا جن کی حمایت سے یہ سروس عملی شکل اختیار کر سکی ۔










