road accident

جنوبی کشمیر میں ہٹ اینڈ رن کا واقعہ

اوانتی پورہ میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے راہگیر شدید زخمی

سرینگر/یو این ایس// جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اوانتی پورہ علاقے کے بارسو میں قومی شاہراہ پر پیش آئے ایک ہٹ اینڈ رن حادثے میں ایک درمیانی عمر کا راہگیر شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ حکام نے اتوار کے روز اس واقعے کی تصدیق کی۔زخمی شخص کی شناخت فیاض احمد حجام ولد بشیر احمد حجام، عمر تقریباً 45 سال، ساکن جامناغری، ضلع شوپیاں کے طور پر کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق ایک نامعلوم گاڑی نے اسے ٹکر ماری اور موقع سے فرار ہو گئی، جس کے نتیجے میں وہ قومی شاہراہ پر شدید زخمی حالت میں پڑا رہا۔یو این ایس کے مطابق حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے موقع پر پہنچ کر زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد کے لیے پرائمری ہیلتھ سینٹر اوانتی پورہ منتقل کیا۔ تاہم زخموں کی سنگینی کے پیش نظر ڈاکٹروں نے اسے مزید علاج کے لیے سرینگر کے ایک اسپتال ریفر کر دیا، جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نامعلوم گاڑی کی تلاش شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے حادثے کے حالات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔