جموں و کشمیر کے 54 نوجوان وزیر اعظم سے مکالمہ کریں گے
سرینگر/یو این ایس// جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے 54 نوجوانوں کا انتخاب ملک بھر اور بیرونِ ملک سے منتخب کیے گئے 3,000 نوجوانوں کے اس خصوصی گروپ میں کیا گیا ہے، جو 12 جنوری کو نئی دہلی میں منعقد ہونے والے وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ 2026 کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی سے براہِ راست مکالمہ کریں گے۔یو این ایس کے مطابق حکام کے مطابق یہ نوجوان دس مختلف موضوعاتی شعبوں میں اپنے خیالات، وڑن اور اختراعی تجاویز وزیر اعظم کے سامنے پیش کریں گے، جن کا تعلق قومی ترقی اور اہم عوامی مسائل سے ہے۔ اس مکالمے کا اختتامی اجلاس بھارت منڈپم میں قومی یومِ نوجوان کے موقع پر منعقد ہوگا، جو عظیم روحانی رہنما سوامی وویکانند کی یومِ پیدائش کے طور پر منایا جاتا ہے۔مرکزی تقریب سے قبل جموں و کشمیر اور لداخ سے آئے نوجوانوں نے نئی دہلی میں وزیر اعظم کے دفتر میں مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ سے ابتدائی ملاقاتیں کیں۔ حکام نے بتایا کہ وزیر سے ایک اور نشست وزیر اعظم سے ملاقات سے قبل متوقع ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق، جموں و کشمیر کے نمائندہ نوجوان جمعہ کے روز قومی دارالحکومت پہنچے تھے۔ ان کا انتخاب تین مرحلوں پر مشتمل ایک سخت اور شفاف میرٹ پر مبنی عمل کے ذریعے کیا گیا، جس میں ملک گیر آن لائن کوئز، مضمون نویسی مقابلہ اور ریاستی سطح پر وڑن پریزنٹیشن شامل تھی۔یو این ایس کے مطابق پروگرام کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نوجوان شرکائکے منتخب مضامین پر مشتمل ایک خصوصی کتابچہ بھی جاری کریں گے، جس میں بھارت کی ترقی اور طویل مدتی قومی تعمیر سے متعلق نوجوانوں کے خیالات شامل ہوں گے۔وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ کا مقصد ملک کے نوجوانوں اور قومی قیادت کے درمیان بامعنی اور منظم مکالمے کو فروغ دینا ہے، جو وزیر اعظم کے اس عزم کے مطابق ہے کہ ایک لاکھ نوجوانوں کو بغیر کسی سیاسی وابستگی کے قومی تعمیر کے عمل میں شامل کیا جائے۔واضح رہے کہ یہ مکالمہ 9 سے 12 جنوری تک منعقد ہو رہا ہے، جس کے مختلف مراحل میں ملک بھر سے 50 لاکھ سے زائد نوجوانوں نے شرکت کی۔ اس کے دوسرے ایڈیشن میںڈیزائن فار بھارت، ٹیک فار وکست بھارت، سماجی مسائل کے لیے ہیکاتھون، توسیع شدہ موضوعاتی نشستیں اور بین الاقوامی شرکت جیسے نئے اقدامات شامل کیے گئے ہیں، جس سے اس پروگرام کی وسعت اور اثر پذیری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔










