وزیر اعلیٰ نے ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ڈیپارٹمنٹ کا کلینڈر 2026 جاری کیا

وزیر اعلیٰ نے ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ڈیپارٹمنٹ کا کلینڈر 2026 جاری کیا

کلینڈر کاریگروں کا ایک نغمہ ہے جو کشمیر کی روح کو بُنتے ، تراشتے اور رنگ بھرتے ہیں ۔ عمر عبداللہ

سرینگر //وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے آج ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ڈیپارٹمنٹ کا کلینڈر 2026 جاری کیا جو ایک بصری خراجِ تحسین ہے جو کشمیر کی لازوال دستکاری کی روایات کا جشن مناتا ہے ۔ یہ کلینڈر وادی کی فنکارانہ وراثت کے جوہر کو خوبصورتی سے سمیٹتا ہے اور اس خطے کے کاریگروں کی مہارت ، لگن اور عزم کو اجاگر کرتا ہے جو کشمیر کے ثقافتی ورثے کے حقیقی نگہبان ہیں ۔ کلینڈر کی رونمائی کی تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا ’’ یہ کلینڈر کاریگروں کا ایک نغمہ ہے جو کشمیر کی روح کو بُنتے ، تراشتے اور رنگ بھرتے ہیں ۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ کاریگروں کے ہاتھ صدیوں پرانی روایات کو آگے لے جاتے ہیں اور خام مال کو ایسی شاہکاروں میں تبدیل کرتے ہیں جو وادی کے جذبے ، استقامت اور بھر پور ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا ’’ ہمارے کاریگر محض فن کے خالق نہیں وہ کشمیر کے لازوال ورثے کے زندہ سفیر ہیں ۔ ‘‘ وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر مسرت اسلام ، جوائینٹ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس ، ڈپٹی ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اور دیگر سینئر افسران تقریب میں موجود تھے ۔ سال 2026 کا یہ کلینڈر روائتی دستکاریوں کی ایک شاندار رینج کو پیش کرتا ہے جن میں نمدہ ، کاہنی شال ، پیپر ماشی ، لکڑی کی تراش خراش ، سوزنی کڑھائی ، قالین بافی ، واگو اور تانبے کے برتن شامل ہیں ۔ ہر فریم نسلوں سے منتقل ہونے والی مہارتوں کی ایک کہانی بیان کرتا ہے ۔