Poor performance in Prime Minister Surya Ghar Free Electricity Scheme

وزیراعظم سوریا گھر مفت بجلی یوجنا میں ناقص کارکردگی

متعلقہ انجینئروں کی تنخواہیں معطل، انتظامیہ نے سخت ایکشن کا عندیہ دیا

سرینگر// یو این ایس وزیر اعظم سوریا گھر مفت بجلی یوجنا میں غیر اطمینان بخش کارکردگی کے سبب ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئروں کی تنخواہیں عارضی طور پر معطل کر دی تھیں۔ انتظامیہ نے افسران سے ہدایت کی تھی کہ وہ 15 جنوری 2026 تک اپنی کارکردگی اور تاخیر کی وجوہات کی تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں، تاہم محکمہ بجلی کے ملازمین اور یونینز کی مزاحمت کے بعد حکومت نے یہ حکم واپس لے لیا۔یو این ایس کے مطابق یہ اسکیم 22 فروری 2024 کو وزیراعظم نریندر مودی نے لانچ کی تھی، جس کا مقصد ملک بھر میں ایک کروڑ گھرانوں کو سولر انرجی سے بجلی فراہم کرنا ہے۔ ہر مستحق کنبے کو 3 کلو واٹ تک کا روف ٹاپ سولر یونٹ نصب کرنے کی اجازت دی گئی ہے، اور اس کے لیے سبسڈی بھی فراہم کی جاتی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر میں 8 جنوری کو یوجنا کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس میں اے ای ای سب ڈویژن بارہمولہ فسٹ، اے ای ای سب ڈویژن پٹن اور اے ای ای سب ڈویژن سوپور فسٹ کی کارکردگی غیر اطمینان بخش پائی گئی۔ انتظامیہ کے مطابق متعدد ہدایات اور نوٹسوں کے باوجود منصوبے کی رفتار سست رہی، جس کی وجہ سے عوام کو بروقت فوائد نہیں پہنچ سکے۔محکمہ بجلی کے ذرائع کے مطابق جموں و کشمیر میں رجسٹریشن کا عمل بہت سست ہے۔ یو این ایس کے مطابق افسران اور ملازمین کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ عوامی بیداری کے ساتھ ساتھ خود بھی سولر یونٹ نصب کریں اور اسکیم کی تشہیر کریں، لیکن بیشتر افسران نے رجسٹریشن کی زحمت بھی نہیں کی۔ مختلف اضلاع میں سپرنٹنڈنگ انجینئروں اور ایگزیکٹو انجینئروں کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے ماتحت فیلڈ اسٹاف، لائن مین، ریڈر، ٹیکنیکل اور کلریکل عملے کو فوری طور پر رجسٹریشن مکمل کرنے کی یاد دہانی کرائیں۔ذرائع کے مطابق اگر مقررہ وقت کے اندر اہداف حاصل نہ ہوئے تو محکمانہ سطح پر سخت کارروائی، بشمول تنخواہوں کی ضبطی یا ترقی روکنے جیسے اقدامات بھی عمل میں لائے جا سکتے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات عوام کو بروقت فوائد فراہم کرنے، منصوبے کی شفافیت یقینی بنانے اور پی ایم سوریا گھر- مفت بجلی یوجنا کی اصل توقعات پوری کرنے کے لیے ضروری ہیں۔