جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں محکمہ سیاحت اور جموں و کشمیر کیبل کار کارپوریشن (جے کے سی سی سی) کے 2026کے کیلنڈروں کی نقاب کشائی کی۔اِن کیلنڈروں میں جموں و کشمیر کے نمایاں سیاحتی مقامات اور سیاحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو اُجاگر کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو مُبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اِس طرح کے اَقدامات جموں و کشمیر کے سیاحتی اِمکانات کی ترقی اور وسیع پیمانے پر تشہیر میں نمایاں کردار اَدا کریں گے۔اُنہوں نے کہا،’’یہ کیلنڈر محض سالانہ اِشاعتیں نہیں ہیں بلکہ جموں و کشمیر کی قدرتی خوبصورتی اور ترقی پذیر سیاحتی ڈھانچے کی بصری داستانیں ہیں۔‘‘ اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے ڈائریکٹوریٹ آف ٹوراِزم کشمیر کی آفیشل ویب سائٹ کا بھی اِفتتاح کیا۔ اِس پورٹل کو سیاحتی تقریبات اور مقامات کی تشہیر، ڈیجیٹل آرکائیوز کو برقرار رکھنے اور جموں و کشمیر میں سیاحت سے متعلق جامع معلومات فراہم کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ویب سائٹ میں جموں ٹوراِزم، جے کے ٹی ڈِی سی، جموں و کشمیر کیبل کار کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اِداروں کے مفید روابط بھی شامل ہیں تاکہ تمام ضروری معلومات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں۔اُنہوںنے کہا کہ مؤثر رَسائی کے لئے جدید اور متحرک ڈیجیٹل موجودگی بہت ضروری ہے۔ اُنہوں نے کہا، ’’ٹوراِزم کشمیر کی نئی ویب سائٹ معلوماتی ہوگی اور سیاحوں اور شراکت داروں کے لئے ایک جامع، سنگل وِنڈو پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔‘‘
اِس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے گلمرگ اور سونہ مرگ میں اِنٹگریٹیڈسکیئنگ کورس کا اِفتتاح کیا جس میں بالترتیب 32 اور 25 تربیت یافتہ اَفراد پر مشتمل دو بیچ شامل ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ بنیادی سکیئنگ کورس کی مدت 14 دِن ہے اور یہ 12 سے 18 برس کی عمر کے تربیت حاصل کرنے والوں کے لئے مخصوص ہے۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، رُکن قانون ساز اسمبلی زڈی بل تنویر صادق، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سیاحت آشیش چندر ورما، ڈائریکٹر ٹوراِزم کشمیر سیّد قمر سجادجو کہ منیجنگ ڈائریکٹر جے کے سی سی سی بھی ہیں، ڈائریکٹر ٹوراِزم جموں ڈاکٹر وِکاس گپتا، منیجنگ ڈائریکٹر جموں و کشمیر ٹوراِزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن شریا سنگھل اور دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔










