جموں وکشمیر بھارت کا ناقابل تنسیخ حصہ ، اس سے متحد رکھنے کیلئے شیاما پرساد مکھرجی نے اپنی جان بھی قربان کی
سرینگر//اے پی آئی// جموںوکشمیر کو ملک کا ناقابل تنسیخ حصہ قرار دیتے ہوئے بی جے پی کے سٹیٹ پریذیڈنٹ اور راجیہ سبھا کے ممبر نے جموں صوبہ کو الگ ریاست کا درجہ دلانے کے پارٹی کے سینئر لیڈر کے بیان کو ذاتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموں صوبہ کے ساتھ امتیازی سلوک کے خلاف مہم چلانے سے گریز نہیں کرینگے ۔ اے پی آئی نیوز کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور ممبر اسمبلی شیام لعل شرما کی جانب سے جموں کو الگ ریاست کا درجہ ملانے کے بیان کو اُن کا ذاتی بیان قرار دیتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سٹیٹ پریذیڈنٹ اور راجیہ سبھا کے ممبر ست شرما نے کہا کہ جموں وکشمیر ملک کا ناقابل تنسیخ حصہ ہے اور جموں وکشمیر کو متحد ،مضبوط رکھنے کیلئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے بانی شیاما پرساد مکھرجی سمیت 15افراد نے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا ۔ انہوںنے کہا کہ جموں کو الگ ریاست کا درجہ دلانے کا جو بیان بی جے پی کے سینئر لیڈر نے دیا ہے وہ ان کا ذاتی بیان ہے ، جموں کے ساتھ سوتیلی یا امتیازی سلوک روا رکھنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے پارٹی کے سٹیٹ پریذیڈنٹ نے کہا کہ اس ضمن میں کوئی بھی مہم چلانے سے بھارتیہ جنتا پارٹی گریز نہیں کرے گی ۔ جموں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھنے کی کارروائی ناقابل برداشت ہے ، جموں وکشمیر کے عوام کو بہتر سہولیات ان کے مسائل حل کرنے ، ان کو راحت پہنچانے کیلئے بی جے پی کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی ۔










