پرگتی جموں وکشمیر میں بڑے ترقیاتی پروجیکٹوں کی مؤثر عمل آوری میں اہم رول اَدا کر رہا ہے۔ چیف سیکرٹری

پرگتی جموں وکشمیر میں بڑے ترقیاتی پروجیکٹوں کی مؤثر عمل آوری میں اہم رول اَدا کر رہا ہے۔ چیف سیکرٹری

4.12 لاکھ کروڑ روپے کے لاگت والے پروجیکٹ زیر نگرانی،59میں سے57معاملات کو کامیابی سے نمٹایا گیا

جموں//چیف سیکرٹری اتل ڈولو نے پرگتی (پرو ایکٹیو گورننس اور بروقت عمل آوری) پلیٹ فارم کے جموں و کشمیر میں اہم ترقیاتی پروجیکٹوں کی تیز رفتاری میں تبدیلی لانے والے اثرات کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ طویل عرصے سے زیرِ اِلتوأ معاملات کے حل اور بڑے منصوبوں کی بروقت عمل آوری کو یقینی بنانے کا ایک مؤثر ذریعہ بن کر اُبھرا ہے۔چیف سیکرٹری نے ایک پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے پرگتی 50@کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی پر مبنی حکومتی نظام متعدد ایسے منصوبوں کو کامیابی کے ساتھ آگے بڑھا چکا ہے جو دہائیوں تک بین الاسبابی رُکاوٹوں اور عملی تاخیر کی وجہ سے رُکے ہوئے تھے۔اِس پریس کانفرنس میں کمشنر سیکرٹری اطلاعات ایم راجو، ڈائریکٹر اطلاعات نتیش راجورا، ڈائریکٹر پی آئی بی جموں نیہا جلالی، جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات ہیڈکوارٹر ظہور احمد رینہ، جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات جموں دیپک دوبے اور محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ (ڈِی آئی پی آر) کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری اتل ڈولو نے اودھمپور ۔ سری نگر ۔ بارہمولہ ریل رابطہ (یو ایس بی آر ایل) منصوبے کو بطورایک عمدہ مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ منصوبہ 1995 میں شروع کیا گیا تھا لیکن تقریباً 25 برس تک اس میں بہت کم پیش رفت ہوئی ۔تاہم ،جب اسے قریبی نگرانی کے لئے پرگتی (پی آر اے جی اے ٹی آئی ) کے تحت لینے کے بعدمحکموں کے درمیان بہتر رابطے اور خود وزیراعظم کی اعلیٰ سطح پر براہ راست مداخلت کی بدولت منصوبے نے نمایاں رفتار حاصل کی۔اُنہوں نے بتایا کہ 500 کروڑ روپے سے زیادہ لاگت والے تمام منصوبوں کی نگرانی وزیر اعظم کے گروپ ( پی ایم جی) کے ذریعے کی جاتی ہے جس کی سربراہی کابینہ سیکرٹری کرتے ہیں جبکہ ان میں سب سے اہم منصوبوں کا جائزہ براہِ راست وزیرِاعظم پرگتی میٹنگوں کے ذریعے لیتے ہیں۔چیف سیکرٹری نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم جی اس وقت جموں و کشمیر میں 61 منصوبوں کی نگرانی کر رہا ہے جن میں مجموعی سرمایہ کاری 4.12 لاکھ کروڑ روپے سے زائد ہے اور یہ منصوبے رابطہ کاری، توانائی اور سماجی بنیادی ڈھانچے جیسے اہم شعبوں پر محیط ہیں۔ ان میں سے 69,000کروڑروپے کی لاگت کے 15 منصوبے مکمل ہو چکے ہیںجبکہ باقی مختلف مراحل میں زیرِ تکمیل ہیں۔اُنہوں نے خصوصی طور پر نشاندہی کی کہ جموں و کشمیر کے 15 بڑے منصوبے پرگتی پلیٹ فارم کے تحت وزیر اعظم کی براہِ راست نگرانی میں ہیں جس سے زمین کے حصول، مالی و طبعی رُکاوٹوں کے معاملات کے فوری حل اور متاثرہ کنبوں کو بروقت و منصفانہ معاوضے کی اَدائیگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔اُنہوں نے اِس میکانزم کی اِفادیت کو اُجاگر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ پرگتی کے سابقہ میٹنگوںمیں جموں و کشمیر سے متعلق اُٹھائے گئے 59 معاملات میں سے 57 معاملات پہلے ہی میرٹ پر حل کئے گئے ہیں جس سے جموںوکشمیر یوٹی کو قومی سطح پر اعلیٰ کارکردگی دِکھانے والوں میں شامل کیا گیا جس کی تائید ضلعی سطح پر مضبوط فالو اپ سے بھی ہوتی ہے۔
چیف سیکر ٹری نے حاصل شدہ ٹھوس نتائج کے بارے میں کہا کہ جموںوکشمیر میں پرگتی نگرانی کے تحت تقریباً 53,000 کروڑ رواپے مالیت کے چھ اعلیٰ اثر والے منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں۔ اِن میں اُودھمپور ۔سری نگر۔بارہمولہ ریل لنک، کشن گنگا پن ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کے ساتھ اس کی ترسیلی لائن، ایمز جموں، این ایچ۔44 چیلنجنگ بانہال سٹریچ اور آلسٹینگ ۔ کرگل ۔ خلتسے ۔لیہہ ٹرانسمیشن لائن شامل ہیں۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ پرگتی کے تحت زیرِ نگرانی نو اضافی منصوبے تسلی بخش رفتار سے آگے بڑھ رہے ہیں جن میں دہلی۔امرتسر۔کٹرا ایکسپریس وے کوریڈور، ایمز اونتی پورہ، پکل ڈل ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ،، یو ایس او ایف کے تحت 4جی موبائل کنکٹویٹی اور یو ٹی کے مختلف حصوں میں توانائی و رابطہ کاری کے دیگر منصوبے شامل ہیں۔چیف سیکرٹری نے یونین ٹیریٹری کی سطح پر پرگتی میکانزم کے ذریعے جاری کردہ ہدایات پر مکمل عملدرآمد کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے زور دیا کہ اِس پلیٹ فارم سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے جموں و کشمیر موجودہ رفتار کو برقرار رکھنے کی پوزیشن میں ہے تاکہ تمام ترقیاتی اقدامات نتیجہ خیز ہوں اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جا سکیں۔