بارہمولہ//وزیر برائے زراعت ، دیہی ترقی اور پنچائتی راج ، کواپریٹو اور الیکشن ڈیپارٹمنٹ مسٹر جاوید احمد ڈار نے آج ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران سوپور فروٹ منڈی کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے ترقیاتی نقشے کا جائیزہ لیا ۔ یہ اجلاس وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ کی صدارت میں منعقدہ ضلعی ترقیاتی بورڈ کے اجلاس میں دی گئی ہدایات کے مطابق بلایا تھا ، جس میں سوپور فروٹ منڈی کی جدید کاری کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے اور سہولیات میں اضافے پر زور دیا گیا تھا ۔ آج کے اجلاس کے دوران متعلقہ افسران اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تفصیلی اور جامع جائیزہ لیا گیا ۔ جائیزہ لیتے ہوئے وزیر موصوف نے نوٹ کیا کہ سوپور فروٹ منڈی جو دہلی کی آزاد پور منڈی کے بعد ایشیا کی دوسری سب سے بڑی فروٹ مارکیٹ کے طور پر تسلیم کی جاتی ہے ۔ جموں و کشمیر کی باغبانی پر مبنی معیشت میں ایک اہم مقام رکھتی ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ توجہ کا مرکز صرف سائز میں توسیع کے بجائے نظاماتی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن ، بہتر سہولیات اور آپریشنل کارکردگی پر ہونا چاہئیے ۔ اجلاس کے دوران اضافی پارکنگ کی جگہ کی ضرورت ، ٹرک یارڈ کیلئے زمین کی ضرورت ، ٹھوس فضلہ کا انتظام ، میڈیکل ڈسپنسری اور لیبر سرائے جیسی سہولیات کا قیام اور منڈی تک مرکزی رسائی سڑک کی توسیع جیسے اہم مسائل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر نے ڈپٹی کمشنر بارہمولہ کو ہدایت دی کہ وہ غور و خوض کی روشنی میں ایک جامع اور مکمل جدید کاری کی تجویز تیار کر کے حکومت کی سطح پر مناسب فیصلے کیلئے پیش کریں ۔ زرعی مارکیٹنگ انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ جدید ، شفاف اور موثر مارکیٹ سسٹم کسانوں اور تاجروں دونوں کیلئے بہت فائدہ مند ثابت ہوں گے ۔ اجلاس میں ایم ایل اے سوپور ارشاد رسول کار ، ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ، زراعت اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی ۔










