اودھمپور کے وفد نے جاوید احمد رانا سے ملاقات کی ، پینے کے پانی کا مسئلہ اٹھایا

اودھمپور کے وفد نے جاوید احمد رانا سے ملاقات کی ، پینے کے پانی کا مسئلہ اٹھایا

جموں //اودھمپور ضلع کے مختلف دیہاتوں بشمول مکیانی چنونتا ، دھنو اور مجالٹا کے عوامی نمائندوں کا ایک وفد نے وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور مسٹر جاوید احمد رانا سے ملاقات کی اور انہیں اپنے متعلقہ علاقوں میں پینے کے پانی کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ وفد کی قیادت جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس ( جے کے این سی ) کے او بی سی سیل کے چئیر مین عبدالغنی تیلی کر رہے تھے ۔ ملاقات کے دوران اراکین نے پینے کے پانی کی غیر منظم سپلائی ، موجودہ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کی ضرورت اور پرانی اور خراب پائپ لائنوں کی تبدیلی کے مسائل اٹھائے ۔ انہوں نے پانی کے ذرائع کی توسیع اور ان دیہاتوں میں طویل المدتی پانی کی کمی اور انفراسٹرکچر سے متعلق چیلنجز کے حل کیلئے تفصیلی پراجیکٹ رپورٹس ( ڈی پی آرز ) کی تیاری کی اہمیت پر بھی زور دیا ۔ اس موقع پر موجود جل شکتی ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسران میں چیف انجینئر جل شکتی جموں ، سپرنٹنڈنگ انجینئر اودھمپور ، ایگزیکٹو انجینئر اودھمپور کے علاوہ جل شکتی ڈویژن اودھمپور کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر ( اے ای ایز ) اور جونئیر انجینئرز ( جے ایز ) شامل تھے ۔ اٹھائے گئے مسائل کا سنگین نوٹس لیتے ہوئے وزیر نے سپرنٹنڈنگ انجینئر جل شکتی کو ہدایت دی کہ وہ ذاتی طور پر تمام آبادیوں کا دورہ کریں اور باقاعدہ پانی کی سپلائی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ متاثرہ علاقوں میں خراب پانی کی سپلائی انفراسٹرکچر کی مستقل بحالی کیلئے ڈی پی آرز جلد از جلد تیار کئے جائیں ۔ دریں اثنا ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی گئی کہ وہ بلا تعطل پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے مناسب عارضی اور متبادل انتظامات نافذ العمل میں لائے ۔ وزیر نے ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ دھنو تھاتی کیلئے ایک جامع پانی کی سپلائی سکیم کا ڈی پی آر فوری طور پر تیار کریں تا کہ علاقے کے رہائشیوں کو درپیش پینے کے پانی کے مسائل کا طویل المدتی اور پائیدار حل فراہم کیا جا سکے ۔