Finalization of preparations and security measures for the 72nd Republic Day

72ویں یوم جمہوریہ کے سلسلے میں انتظامات کی تیاریوں اور سیکورٹی اقدامات کوحتمی شکل

لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے لیں گے جموںمیں پریڈ پر سلامی

سری نگر//26جنوری کومنائے جارہے72ویں یوم جمہوریہ کے سلسلے میں انتظامات کی تیاریوں اور سیکورٹی اقدامات کوحتمی شکل دی جارہی ہے ۔جموں وکشمیرمیں یوم جمہوریہ کی سب سے بڑی تقریب مولانا آزاد اسٹیڈیم جموںمیں منعقد ہوگی ،جہاں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا قومی پرچم لہرائیں گے اور پریڈ پر سلامی لیں گے جبکہ سری نگرمیں ہونے والی یوم جمہوریہ کی تقریب میں لیفٹنٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگرمہمان خصوصی کی حیثیت میں قومی پرچم لہرائیں گے اور پریڈ پر سلامی لیں گے ۔اُدھر ڈانگری راجوری میں حالیہ شہری ہلاکتوںکے پیش نظر سیکورٹی انتظامات کومزید سخت کرنے کیساتھ ساتھ دیہی دفاعی کمیٹیوں سے وابستہ ولیج ڈیفنس گارڈس کوچوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا مولاناآزاد اسٹیڈیم جموں میں یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب میں سلامی لیں گے۔ایک سرکاری حکمنامے میں کہاگیاکہ لیفٹیننٹ گورنریوم جمہوریہ تقریب کی صدارت کریں گے اور مولاناآزاداسٹیڈیم جموں میں یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب پر سلامی لیں گے۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر تقریب کی صدارت کریں گے اور سری نگر میں مرکزی تقریب میں سلامی لیں گے۔اس دوران حکام نے بتایاکہ 26جنوری کومنائے جارہے یوم جمہوریہ کے سلسلے میں انتظامات کی تیاریوں اور سیکورٹی اقدامات کوحتمی شکل دی جارہی ہے۔انہوںنے بتایاکہ پولیس سمیت تمام سیکورٹی ایجنسیوںکوملی ٹنٹ گروپوںکی ممکنہ سازشوں اور امن مخالف کوششوں کوناکام بنانے کیلئے متحرک رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔مقامی رضاکاروں پر مشتمل ولیج ڈیفنس گارڈز (وی ڈی جیز) کو ممکنہ ملی ٹنٹ حملوںکے خدشے کودیکھتے ہوئے آئندہ یوم جمہوریہ کی تقریبات کے پیش نظر چوکس رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔ حکام نے پیر کو کہاکہ جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ والے دیہات میں دیہی دفاعی کمیٹیوں سے وابستہ ولیج ڈیفنس گارڈس کو بھی فعال کیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ پیشرفت راجوری ضلع کے ڈانگری گاؤں میں ہوئے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے بعد سامنے آئی ہے جس میں 2بچوں سمیت7 افراد ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہوئے تھے۔حکام نے مزید بتایا کہ آنے والے یوم جمہوریہ کے پیش نظرVDGs کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے کیونکہ ملک دشمن عناصر کے ذریعہ پرامن ماحول کو خراب کرنے کا اندیشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں خطے کے کئی علاقوں میں وی ڈی جیز کو فعال کر دیا گیا ہے اور انہیں تازہ ہتھیار اور گولہ بارود فراہم کیا گیا ہے۔افسروں نے بتایا کہ ضلع کشتواڑ میں ایک بریفنگ سیشن میں،VDGs کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں گشت کے ذریعے نگرانی اور تسلط کو یقینی بنائیں۔انہوںنے نے مزید کہا کہ VDGsسے کہا گیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ علاقے پرامن رہیں اور سماج دشمن اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو مؤثر طریقے سے ناکام بنائیں۔حکام نے بتایا کہ راجوری اور پونچھ کے جڑواں سرحدی اضلاع میں اقلیتی مقامات کی حفاظت کے لیے2000 سے زیادہ سی آر پی ایف اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ دریں اثنا، سیکورٹی فورسز نے کشتواڑ، ڈوڈہ اور رام بن اضلاع میں پیر کو مسلسل دوسرے دن بھی اپنی تلاشی مہم جاری رکھی تاکہ علاقے کو اوور گراؤنڈ ورکرز (OGWs) اور ملی ٹنٹوں سے پاک کیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ کشتواڑ اور ڈوڈہ کے کئی علاقوں میں گھر گھر تلاشی لی گئی۔حکام نے بتایا کہ ڈھنگری حملے میں ملوث دہشت گردوں کا پتہ لگانے کے لیے راجوری ضلع میں گزشتہ7 دنوں سے تلاشی مہم جاری ہے۔