ہلکی سے درمیانی برف باری اوربارش کاامکان،کئی سڑک رابطے بند ہونے کااندیشہ :محکمہ موسمیات
سری نگر//اہلیان کشمیرکوشبانہ شدید سردی سے کچھ راحت ملی ہے کیونکہ رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں قدرے بہتری آئی ہے ،تاہم جمعے کے روز صبح سے پورے دن آسمان پربادل چھائے رہے اور حالیہ دنوں کے برعکس لوگوں نے سردی بھی محسوس کی ۔جے کے این ایس کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات سری نگر ،قاضی گنڈ ،کپوارہ اور دیگر میدانی علاقوں کیساتھ ساتھ گلمرگ اورپہلگام میں بھی شدیدسردی رہی ،تاہم جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری درج ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سری نگر میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات سری نگرمیں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.4 ڈگری سینٹی گریڈریکاردکیاگیاتھا۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکارنے بتایاکہ قاضی گنڈمیں دوران شب کم سے کم درجہ حرارت منفی5.8اور کپوارہ میں منفی5.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔انہوںنے مزیدکہاکہ جنوبی کشمیرمیں واقع سیاحتی مقام پہلگام میں رات کاکم سے کم پارہ منفی8.6ڈگری سینٹی گریڈرہاجبکہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.2ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی کشمیر کے علاقہ کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیاجبکہ شمالی کشمیرمیں واقع مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جمعہ کو موسم دن بھر ابر آلود لیکن بنیادی طور پر خشک رہا۔اس دوران محکمہ موسمیات نے 7جنوری کی شام سے موسم میں تبدیلی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر میں یکے بعددیگرے2مرتبہ مغربی ہوائیں موسم میں تبدیلی کاموجب بن جائیں گی ۔ محکمہ موسمیات نے جمعے کے روزکہاکہ فی الوقت کشمیر وادی میں مطلع ابرآلود ہے جبکہ جموں شہر ،کٹھوعہ اورسانبہ اضلاع میں دُھند چھائی ہوئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ 7جنوری کی شام سے جموں وکشمیرمیں مغربی ہوائوںکی آمد کے پیش نظر موسم میں ایک کے بعدایک2مرتبہ تبدیلی وقوع پذیر ہوگی ۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ 7جنوری کی شام سے9جنوری کودوپہرتک مطلع ابرآلودرہنے کے بیچ 7جنوری کورات کے وقت جموں وکشمیر کے بالائی مقامات پر ہلکی برفباری اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارش وبرفباری ہونے کاامکان ہے جبکہ8اور9جنوری کے دوران درمیانی اور اونچے علاقوں میں ہلکی سے درمیانی برف باری ہوسکتی ہے ۔انہوںنے مزیدکہاکہ 9جنوری کودوپہر سے11جنوری دوپہرتک کشمیر میں موسم ابرآلودرہنے کے بیچ الگ تھلگ اونچی علاقوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات نے مزید پیش گوئی کرتے ہوئے کہاکہ مغربی ہوائوںکی دخل اندازی کادوسرا مرحلہ11سے13جنوری تک ہوگاجب 12اور13جنوری کے دوران جموں و کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش وبرفباری کے ساتھ درمیانی اور اوپری علاقوں میں ہلکی سے درمیانی برف باری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں اور خاص طور پر سونہ مرگ ،زوجیلا،گمری محور، رازدان پاس، سنتھن پاس، سادھنا پاس، مغل روڈ وغیرہ پرنقل وحمل کے حوالے سے احتیاط برتیں ۔










