21 May to 28 May 2023 Common University Entrance Test (CUET), thousands of students of Jammu and Kashmir are worried.

21مئی تا 28مئی2023 مشترکہ یونیورسٹی داخلہ امتحان (CUET) ،جموں وکشمیر کے ہزاروں طلباء وطالبات پریشان

ڈائریکٹر کالجزکا اصلاحی اقدام کیلئے ڈائریکٹرNTA کو خط ،کوئی جواب نہ ملاتو متبادل راستہ اپنائیں گے:پروفیسر یاسمین عشائی

سری نگر//حکومت نے مشترکہ یونیورسٹی داخلہ امتحان (CUET) میں شامل ہونے والے جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں طلباء وطالبات کیلئے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA)کی جانب سے بیرون جموں وکشمیر امتحانی مراکزرکھنے کے معاملے کانوٹس لیاہے۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیر میں 22سے24مئی تک طے شدہ جی20 ایونٹ کے وقت اس عجیب و غریب صورتحال اور اس کیخلاف شدید ناراضگی کا نوٹس لیتے ہوئے، جموں و کشمیر کے محکمہ اعلیٰ تعلیم نے یہ معاملہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) کے ساتھ اٹھایا ہے اور درخواست کی ہے کہ جموں و کشمیر کے طلباء وطالبات کیلئے سری نگراور جموں شہر میںامتحانی مراکز الاٹ کئے جائیں تاکہ اُنھیں امتحان دینے میں کسی تکلیف یادشواری کاسامنا نہ کرناپڑے ۔ڈائریکٹر کالجز پروفیسر یاسمین عشائی نے ایک موقر انگریزی روزنامہ کو بتایاکہ ہم نے باضابطہ طور پرNTA کے اعلیٰ حکام کو ضروری کارروائی کیلئے مطلع کیا ہے اور اگر کوئی اصلاحی اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے متبادل اقدام کرے گا کہ جموں و کشمیر کے طلباء وطالبات یونین ٹیریٹری کالجوں میں داخلے سے محروم نہ رہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر سمیت ملک بھر کے مختلف کالجوں میں داخلے کیلئے کامن یونیورسٹی کا داخلہ ٹیسٹ21سے28مئی2023 تک منعقد ہونا ہے جس کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں مختلف مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ جموں و کشمیر میں، یہ آن لائن امتحانی مراکز جموں اور سری نگر شہر میں قائم کئے گئے ہیں۔تاہم، جموں و کشمیر میں CUET کے ان ہزاروں امیدواروں کو ان کی رضامندی کے بغیر جموں وکشمیرسے باہر آن لائن امتحانی مراکز الاٹ کر دئیے گئے ہیں جس کی وجہ سے وہ بڑی تکلیف میں ہیں۔ جموں کشمیر کے ایسے بہت سے طلباء وطالبات کو پنجاب، ہریانہ اور یہاں تک کہ آندھرا پردیش اور دیگر ریاستوں میں بھی امتحانی مراکز الاٹ کئے گئے ہیں، اس طرح ناقابل برداشت ہوائی کرایہ، دشوار گزار پہاڑی علاقے اور پریشان کن ہونے کی وجہ سے ان میں سے زیادہ سے زیادہ کا امتحان میں شامل ہونا تقریباً ناممکن ہو گیا ہے۔ مشترکہ یونیورسٹی داخلہ امتحان (CUET) میں شامل ہونے والے جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں طلباء وطالبات کیلئے یہ ایک بڑا جھٹکا ہے کیونکہ وہ یہ توقع نہیں کر رہے تھے کہ ایک عام کالج میں داخلے کے لئے انھیں اپنے پرس پر بھاری دباؤ کے ساتھ شہر سے باہر سفر کرنا پڑے گا۔ہزاروں طلبہ کو درپیش اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر سکریٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ آلوک کمار نے ضروری کارروائی کے لئے متعلقہ ایجنسی یعنی نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) کے ساتھ معاملہ اٹھانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ڈائریکٹر کالجزپروفیسر یاسمین عشائی کے مطابق، انہوں نے یہ معاملہ سینئر ڈائریکٹر NTA ڈاکٹر سادھنا کے ساتھ اٹھایا ہے اور اتھارٹی کو جموں و کشمیر کے طلباء کو امتحانی مراکز کی الاٹمنٹ کی وجہ سے درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ہے۔انہوںنے مزید کہاکہ ہم نے NTA کو ایک باضابطہ مواصلت بھیجی ہے جس میں طلباء کو صورتحال کی وجہ سے درپیش مشکلات کی وضاحت کی گئی ہے اور NTAسے اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے کہا گیا ہے تاکہ جموں اور سری نگر کے مراکز پر تمام جموں و کشمیر کے امیدوار CUET کے امتحان میں شریک ہوسکیں۔اس بات کو برقرار رکھتے ہوئے کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کر رہی ہے کہ جموں و کشمیر کے تمام طلباء وطالبات کویوٹی کے اندر امتحانی مراکز الاٹ کئے جائیں، ڈائریکٹر کالجز نے کہا کہ اگر نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) کے ذریعہ مسئلہ حل نہیں ہوتا ہے تو محکمہ اعلیٰ تعلیم دیگر اختیارات یاراستے تلاش کرے گا۔انہوںنے پھرکہاکہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ جموں وکشمیرکے طلباء وطالبات کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں تکلیف نہ ہو۔